بھاگلپور/مونگیر: مونگیر یونیورسٹی،مونگیر کے نئے وائس چانسلر عالی جناب پروفیسر سنجے کمار نے 16 جنوری 2025 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے اساتذہ اور عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر شعبۂ اردو پی جی یونیورسٹی ڈپارٹمنٹ مونگیر کے صدر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رضا جمال نے شعبٔہ ہذہ کی جانب سے استقبال کیا۔،اس موقع پر جے آر ایس کالج کے پرنسپل پروفیسر دیو راج سمن، مونگیر یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری پروفیسر ہریش چندر شاہی،اگزامنیشن کنٹرولر ڈاکٹر امر کمار،،رجسٹرار کرنل بی کے سنگھ، پی آر او پریہ رنجن تیواری،سوربھ یشسوی ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم راجا،سمیت دیگر معززین موجود تھے۔ سبھی شخصیات نے اجتماعی طور پر عالی جناب وائس چانسلر صاحب کو گلدستہ اور شال دے کر استقبال کیا۔
چارج لینے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار نے اپنی تقریر میں یونیورسٹی کے تمام زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی تعلیمی و انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ، اور یونیورسٹی کے دیگر عملے کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا اور یونیورسٹی کو اعلیٰ تعلیمی معیار کے لئے ایک مثالی ادارہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
کنووکیشن ،اساتذہ کا پروموشن اور دیگر معاملات پر فوری توجہ دی جائے گی۔ یونیورسٹی کی عمارت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے منصوبے ترتیب دیے جائیں گے۔اساتذہ اور عملے نے پروفیسر سنجے کمار کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
نئے وائس چانسلر کی آمد پر یونیورسٹی میں ایک نئی امید اور جوش و جذبہ دیکھا جا رہا ہے۔ اگر عزائم اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا تو یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی میں مثبت تبدیلی متوقع ہے۔
مونگیر یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار کا استقبال
