آگرہ۔ اتر پردیش میٹرو ریل کارپوریشن نے آگرہ میٹرو کی افادیت اور خصوصیات کے سلسلے میں آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ آگرہ میٹرو ٹیم نے کرمسن ورلڈ اسکول میں ایک آگاہی سیشن منعقد کرتے ہوئے بچوں کو آگرہ میٹرو کی اہمیت اور خصوصیات سے آگاہ کیا۔
اس دوران کرمسن ورلڈ اسکول کی پرنسپل، اساتذہ اور آگرہ میٹرو کے افسران بھی موجود تھے۔
اس آگاہی سیشن میں آگرہ میٹرو کے افسران نے بچوں کو بتایا کہ آگرہ میٹرو ایک ماحول دوست اور گرین انیشی ایٹو ہے۔ یہ ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے طور پر کاربن کے اخراج سے پاک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آگرہ میٹرو ٹیم نے اسکول کے طلبہ و طالبات کو میٹرو کے استعمال کے طریقے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

آگرہ میٹرو ٹیم نے اسکول کے بچوں کو بتایا کہ شہری آگرہ میٹرو کا استعمال کرکے ٹریفک جام، دھول اور آلودگی جیسی پریشانیوں سے بچ سکتے ہیں اور میٹرو کے ذریعے اپنی سفری سہولت کو آسان، محفوظ اور آرام دہ بنا سکتے ہیں۔
اسی کے ساتھ، معذور مسافروں کے لیے بھی سفری سہولت کو بہتر بنانے کے لیے آگرہ میٹرو کے ٹرینوں اور اسٹیشنز میں ریمپ، ایسکلیٹر، لفٹ، ٹیکٹائل پاتھ، پیسنجر ڈسپلے سسٹم، اور بریل لپی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ آگرہ میٹرو کے ذریعے مسافروں کو میٹرو کے اندر سالگرہ، شادی کی سالگرہ، کٹی پارٹی اور دیگر تقریبات کے لیے بکنگ کی سہولت کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔

اس آگاہی سیشن میں مختلف کلاسز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ سیشن کے اختتام پر طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ میٹرو افسران سے سوالات کیے۔ اس کے بعد مسافروں کی حفاظت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے آگرہ میٹرو کی کاوشوں کو سب نے سراہا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آگرہ میٹرو کا روٹ شہر کے اہم تعلیمی اداروں، مرکزی ریلوے اسٹیشن، بس ٹرمینل، اسپتالوں، کاروباری مراکز اور بازاروں کو جوڑتا ہے۔ شہر میں میٹرو سروس سے لوگوں کو ٹریفک جام اور بڑھتے ہوئے کاربن فٹ پرنٹ سے نجات ملے گی۔ فی الحال، آگرہ میٹرو ریل پروجیکٹ کے پہلے کاریڈور کے پریارٹی سیکشن میں میٹرو سروس کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ پہلے کاریڈور کے بقیہ حصے میں تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہیں۔