
آگرہ: تاج محل کے مشرقی دروازے پر واقع درگاہ حضرت سید احمد بخاری شاہؒ کا 435واں عرس اتوار سے شروع ہوا۔ پہلے دن محفلِ میلادِ شریف منعقد کی گئی۔ پیر کے روز عرس کا باضابطہ آغاز ہوا۔
افتتاح سہ پہر تین بجے سینئر سماجوادی پارٹی لیڈر شبیر عباس نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس کے بعد جھنڈا کشائی کی گئی اور درگاہ پر سجادہ نشین نظام شاہ کی قیادت میں چادر پوشی کی گئی، جہاں ملک میں امن و امان کی دعا کی گئی۔ مہمانِ خصوصی کا استقبال انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔

دیر شام محفلِ قوالی کا آغاز ہوا، جو رات دیر تک جاری رہا، جس میں معروف فنکاروں نے اپنے کلام پیش کیے۔
اس موقع پر سجادہ نشین نظام شاہ، سینئر نائب صدر اور سماجی کارکن معین بابو، حریش جھالانی، تارا چند ملونیا ایڈوکیٹ، ایس پی سنگھ، محمد یوسف، سید آصف علی، ارمان شاہ، یوسف سلمانی، مشوق علی، ضیاءالحق، حاجی سلیم، دلشاد شاہ اور دیگر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
معین بابو نے بتایا کہ منگل کو عرس کے تیسرے اور آخری دن “سدبھاؤنا پھول چادر” پیش کی جائے گی اور شام چار بجے عرس کا اختتام ہوگا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ رام جی لال سمن ہوں گے۔
