उर्दू

خطاطی ہماری تہذیب کا حصہ ہے: ڈاکٹر شمس اقبال


قومی اردو کونسل کے کیلی گرافی اینڈ گرافک ڈیزائننگ سینٹرز کے ذمے داران کی میٹنگ

نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے صدر دفتر میں آج کیلی گرافی اینڈ گرافک ڈیزائننگ سینٹرز کے ذمے داران کی میٹنگ ہوئی جس میں دہلی اور بیرونِ دہلی کے سینٹر انچارج شامل ہوئے۔ واضح رہے کہ دہلی کے باہر کے سینٹروں کے ذمے داران آن لائن اس میٹنگ کا حصہ بنے۔ اس موقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ کیلی گرافی ہماری تہذیب کا حصہ ہے، اس کی حفاظت ہماری ذمے داری ہے اور اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ اس میٹنگ کا مقصد تمام سینٹر کے ذمے داران کے ساتھ انٹریکشن اور تعارف ہے۔ سینٹرز کے ذمے داران کے مشورے کی روشنی میں ہم اس کورس کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر شمع کوثریزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر اکیڈمک) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیلی گرافی اینڈ گرافک ڈیزائننگ سینٹرز میں اچھے تربیت یافتہ، تجربہ کار اساتذہ کے انتخاب پر زور دیا۔ اس موقعے پر میٹنگ میں شامل سینٹرز کےذمے داران کو کچھ ہدایات بھی دی گئیں۔ ریسرچ آفیسر انتخاب احمد کے شکریے پر میٹنگ کا اختتام عمل میں آیا۔ میٹنگ میں محمد قاسم اور محمد افروز وغیرہ بھی شریک ہوئے۔