خدمت احسان نہیں بلکہ یہ ذمہ داری ہے /انار والا
نئی دہلی سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (ایس بی ایف) کے زیر اہتمام ہریانہ کے وائلڈ ہاک ریزورٹ میں 6 روزہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ 17 سے 22 فروری تک جاری رہنے والی اس ورکشاپ میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے نوجوانوں کو قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں موثر اقدامات کے حوالے سے تربیت دی گئی۔
ورکشاپ کے دوران دہلی سول ڈیفنس کے روی کمار نے نوجوانوں کو آگ بجھانے، زخمیوں کی مدد اور آفت زدہ علاقوں میں بچاؤ اور راحتی کارروائیوں کے طریقہ کار سکھائے۔ اس کے علاوہ، پہاڑوں پر چڑھنے، رافٹنگ، تیراکی، اور جنگل میں بقا کی مہارتوں پر بھی عملی تربیت دی گئی۔
ڈاکٹر اپاسنا چڈھا نے شرکاء کو آفات کے دوران ذہنی توازن برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ذہنی استحکام کے بغیر امدادی سرگرمیاں مؤثر انداز میں انجام دینا ممکن نہیں۔
ورکشاپ میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور میڈیا کے کردار پر بھی ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں آفات کے دوران میڈیا کے ساتھ مؤثر رابطے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو یہ سکھایا گیا کہ امدادی سرگرمیوں کے بارے میں میڈیا کو بروقت معلومات فراہم کرنا کس طرح سماجی بیداری اور عوامی شرکت کو یقینی بنا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں فوٹوگرافی کی تکنیکوں پر بھی عملی مشق کرائی گئی۔
سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے صدر اور ریٹائرڈ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر ایم اے اناروالا نے اس موقع پر کہا، “خدمت کوئی احسان نہیں، بلکہ ایک ذمہ داری ہے، اور ایس بی ایف اس مشن میں پوری سرگرمی کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں۔”
اس ورکشاپ کے انعقاد میں نیشنل کوآرڈینیٹر عرفان احمد، رضاکار کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عامر جمال اور پروگرام ایگزیکٹیو سیف چوہدری نے فعال کردار ادا کیا۔