ہماری کوشش ہے کہ پریس کلب کیمپس علم و ادب کا متحرک مرکز بنے/ گوتم لہری
نئی دہلی : پریس کلب آف انڈیا میں آج سے سہ روزہ کتاب میلے کا آغاز ہو گیا، جہاں کئی نامور پبلشرز کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔ اس میلے کی خاص بات پریس کلب کا اپنا خصوصی بک اسٹال ہے، جہاں ممبران کی تحریر کردہ کتابیں دستیاب ہیں۔
یہ میلہ نہ صرف کتابوں کی خرید و فروخت کا مرکز ہے بلکہ ایک ادبی فیسٹیول کا رنگ بھی لیے ہوئے ہے۔ تین دنوں کے دوران مختلف موضوعات پر مذاکرے اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جن میں صحافت، ادب اور سماج سے جڑے اہم مسائل پر گفتگو ہوگی۔
افتتاحی خطاب میں پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لہری نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کلب کے پہلے کتاب میلے میں ممبران جوش خروش سے شریک ہو رہے ہیں. یہ موقع علم و ادب کے چاہنے والوں کو ملنے اور ایک دوسرے کے خیالات سے استفادہ کا موقع فراہم کرے گا.
ہماری کوشش ہے کہ پریس کلب کیمپس علم و ادب کا متحرک مرکز بنے، تینوں دن مختلف عناوین پر مذاکرہ اور مباحثہ رکھا گیا ہے آپ شریک ہوں.
کتاب میلے کا آغاز ہندوستان میں میڈیا کی آزادی پر ایک اہم مذاکرے سے ہوا، جس میں معروف صحافیوں نے شرکت کی۔ اس پینل میں سینئر جرنلسٹ ارمیلیش، پرونجوائے گوہا ٹھاکرتا، پرگیا سنگھ، ہرتوش بل اور ونود شرما شامل تھے۔ مقررین نے صحافت کو درپیش چیلنجز، آزادیِ اظہار اور میڈیا کے بدلتے منظرنامے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مختلف مصنفین کی کتابوں کی رونمائی بھی کی گئی، جس میں ادب، سیاست اور صحافت سے متعلق کتابیں شامل تھیں۔ ساتھ ہی یہاں آنے والے افراد ہندوستانی ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں، جس نے اس میلے کو ایک مکمل ثقافتی تقریب میں تبدیل کر دیا ہے۔
پہلے ہی دن کتابوں کے شوقین افراد اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے اس میلے میں شرکت کی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں بھی یہ میلہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ جاری رہے گا۔