نئی دہلی ،(نمائندہ): حکومت ہند کے تحت قائم آل انڈیا حج کمیٹی اور سینٹرل وقف کو نسل کے سابق رُکن الحاج محمد عرفان احمد نے اپنے خصوصی پریس بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس ترین مہینہ سایہ فگن ہے، لہذا یہ متبرک مہینہ نیکیوں اور اطعاعت کیلئے موسمِ بہار کی طرح ہے، یہ مقدس مہینہ اسلامی مہینوں میں سب سے زیادہ عظمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، اس ماہ میں حق تعالیٰ اہلِ ایمان کو اپنی رضا، محبت و عطا، اپنی ضمانت واُلفت اور اپنے انوارات سے نوازتے ہیں، اس مہینہ میں ہر نیک عمل کا اجر و ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے، لہذا اس ماہ میں جب ایمان اور احتساب کی شرط کے ساتھ روزہ رکھاجاتا ہے تو اسکی برکت سے پچھلی زندگی کے تمام صغیرہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں اورجب رات کو قیام (تراویح) اسی شرط کے ساتھ کیا جاتا ہے تو اس سے بھی گزشتہ تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں، ساتھ ہی اس ماہ میں ایک نیکی فرض کے برابر اور فرض 70 فرائض کے برابر ہوجاتا ہے، البتہ اس خوبصورت ماہ کی ایک رات جسے شبِ قدر کہا جاتا ہے وہ ہزار مہینوں سے افضل قرار دی گئی ہے۔ پسماندہ مسلم سماج اتھان سمیتی سنگھ (رجسٹرڈ) کے سرپرست اعلی اور چیف کے طور پر اپنی شاندار اور بہترین خدمت انجام دینے والے محمد عرفان احمد نے اس مبارک مہینے کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں کوصبر، عاجزی اور سخاوت اختیار کرنے کی تلقین کی اور پوری امتِ مسلمہ کو ماہِ رمضان المبارک کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ الحاج عرفان نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان کریم ایک مقدس ترین مہینہ ہے جس میں روزہ، نماز، تدبر و تفکر اور قرآن کریم کی تلاوت اور تعلیمات سے وابستگی کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کا موقع ملتاہے۔انہوں نے عبادات میں اضافہ، قرآن کریم سے مضبوط تعلق اور ضرورتمندوں کیساتھ ہمدردی اور خیرات کے عمل کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ رمضان تمام مسلمانوں کیلئے امن، خوشی اور روحانی ترقی کا باعث بنے، ساتھ ہی محمد عرفان احمد نے یہ بھی کہا کہ رمضان شریف صبر کا مہینہ ہے اور صبرکا بدلہ جنت ہے، یہ ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ ہے، لہذا اس میں مؤمن کے رزق میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، اس میں روزہ افطار کرنے والے کی مغفرت، گناہوں کی بخشش اور جہنم سے آزادی کے پروانے کے علاوہ روزہ دار کے برابر ثواب دیا جاتاہے۔ واضح رہے کہ رمضان شریف کا متبرک مہینہ چل رہا ہے اور آج ۶/روزہ ہے، جبکہ ساتویں صلاوۃ التراویح ہے۔
اسلامی مہینوں میں سب سے زیادہ عظمتوں، فضیلتوں اور برکتوں والا رمضان کریم مہینہ ہے: الحاج محمد عرفان احمد
