उर्दू

رمضان المبارک میں مستحقین میں سلائی مشین کی تقسیم


نئی دہلی, رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں غریب اور مستحق خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیےالاصلاح سوشل ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے سلائی مشینوں کی تقسیم کی گئی۔ اس فلاحی اقدام کا مقصد خواتین کو ہنر مند بنا کر ان کی مالی خود مختاری میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس تقریب کا انعقاد جوشی کالونی میں کیا گیا، جہاں الاصلاح سوشل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سر براہ اور مسجد اہل حدیث جوشی کالونی کے امام مولانا عبد الرحیم بن عبدالمبین صفاوی نے مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ تنظیم کی جانب سے جن مردوخواتین میںسلائی مشین تقسیم کی گئی اُن میں مولانا اقرار احمد، مولانا اختر حسین، گڑیا بیگم، مشاہدہ، شبنم، راسیہ بانو، سائبہ خاتون، سعدیہ خاتون اور شہزاد کا نام قابل ذکر ہے۔


اس موقع پر مقررین نے کہا کہ خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم ایک قابلِ ستائش اقدام ہے جو خواتین کو خود کفیل بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس قسم کی فلاحی سرگرمیاں نہ صرف خواتین کو ہنر مند بناتی ہیں بلکہ انہیں اپنے گھر میں رہتے ہوئے معاشی طور پر مستحکم ہونے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔یہ اقدام خاص طور پر ان خواتین کے لیے فائدہ مند ہے جو معاشی مسائل کا شکار ہیں یا جو کسی وجہ سے گھر سے باہر کام کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ سلائی مشین کی فراہمی سے وہ اپنا چھوٹا سا کاروبار شروع کر سکتی ہیں، دوسروں کے کپڑے سلائی کرکے آمدنی حاصل کر سکتی ہیں اور اپنے خاندان کی کفالت میں ہاتھ بٹا سکتی ہیں۔یہ عمل نہ صرف خواتین کو خود مختار بنانے میں مدد دے گا بلکہ رمضان المبارک کے دوران ایک بہترین صدقہ جاریہ بھی ہوگا۔ تقریب میں شریک خواتین نے اس امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلائی مشینیں ان کے لیے ذریعۂ معاش ثابت ہوں گی اور وہ اپنے گھروں میں رہ کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں گی۔ الاصلاح سوشل ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سر براہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ مستحق افراد کی مدد کی جا سکے۔ اس دوران سماجی کارکن سراج الدین ، حافظ طاہر ،عزیز الرحمٰن ، ماسٹر اے آر انصاری ،ماسٹر نظام احمد بھائی شاہ محمد اور بھائی عبد الحنان وغیرہ موجود تھے