उर्दू

عمان کے مشہور مسابقہ قرآن ‘اولاد آدم قرآن مسابقہ 2025’ کے 21ویں ایڈیشن کا شاندار انعقاد



عمان کی دارالحکومت مسقط سے اشرف علی بستوی کی رپورٹ

مسقط:  عمان میں منعقد ہونے والے آدمز سنز قرآن مقابلہ کے 21ویں ایڈیشن کا انعقاد 13 رمضان 1446 ہجری مطابق 13 مارچ 2025 کو کیا گیا۔ یہ باوقار مقابلہ عزت مآب ڈاکٹر محمد بن سعید المعمری، وزیر اوقاف و امور دینیہ کی سرپرستی میں ہوا، جس میں دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

2004 میں شروع ہونے والا یہ مقابلہ نوجوانوں اور بڑوں کو قرآن پاک کی تجوید اور حفظ میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سال، مقابلے میں 200 شرکاء نے حصہ لیا، جو آٹھ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی تلاوت اور حفظ کا جائزہ لینے کے لیے ملک کے نامور علمائے کرام پر مشتمل ججز پینل تشکیل دیا گیا تھا۔

اس سال کے مقابلے میں ایک اہم پیش رفت یہ رہی کہ رجسٹریشن کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا، جس کے تحت شرکاء نے اپنی کیٹیگری منتخب کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے راؤنڈ کے لیے وقت بھی خود مقرر کیا۔

مقابلہ چار مختلف کیٹیگریز میں منعقد کیا گیا: مکمل حفظ قرآن، 15 پاروں کا حفظ
15 سال اور اس سے زائد عمر کے شرکاء کے لیے تلاوت، 14 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کے لیے تلاوت. ہر کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شرکاء نے اعلیٰ پوزیشنز حاصل کیں. مکمل حفظ قرآن میں عبدالرحمن البشیر ہرشہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 15 پاروں کے حفظ میں محمد بن خمیس الیعقوبی نے اول مقام حاصل کیا۔ 15 سال اور اس سے زائد عمر کے شرکاء کی تلاوت میں صہیب ہلال السیابی فاتح قرار پائے۔ 14 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کی تلاوت میں معیض ہلال الحسنی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مقابلے کی تقریب میں تقریباً 300 افراد بشمول خواتین نے شرکت کی، جس نے اس ایونٹ کو ایک یادگار اجتماع بنا دیا۔
منتظمین نے اس کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقابلہ آئندہ سالوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔