उत्तर प्रदेशउर्दू

قرآن دنیا کی پہلی کتاب جس کو بغیر سمجھے پڑھا جاتا ہے ؛ محمد اقبال

آگرہ ۔ مسجد نہر والی سکندرا کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبہ جمعہ میں نمازیوں سے اللہ کے کلام یعنی قرآن کے بارے میں خطاب کیا ، انھوں نے کہا ، دنیا کی شاید ہی کوئی کتاب ایسی ہو ، جس نے عقل سے کام لینے پر اتنا زور دیا ہو جتنا قرآن نے دیا ہے ، قرآن نے کئی پہلوؤں سے لوگوں کو عقل سے کام لیتے رہنے کی ترغیب دی ہے ، مشلاً یہ رسول تمھیں کتاب اور دانائی کی تعلیم دیتا ہے ، اہل عقل ہی نصیحت حاصل کرتے ہیں ، عقل والو عبرت حاصل کرو ، کاش یہ سمجھ سے کام لیتے ، تم عقل سے کام نہیں لیتے ، قرآن پر غور نہیں کرتے ، یہ قرآن غور وفکر کرنے والوں کے لیے ہے ، اس سے زیادہ اور صاف لفظوں میں سننا چاہتے ہو تو ان آیات پر غور کیجیے،


“ یہ بہرے گونگے اندھے ہیں ، اس لیے یہ عقل سے کام نہیں لیتے”۔ “ اللہ کے نزدیک بد ترین مخلوق وہ بہرے گونگے ہیں جو سمجھ سے کام نہیں لیتے”، اور فرمایا “ اللہ اُن لوگوں پر پلیدی ڈال دیتا ہے جو عقل وسمجھ سے کام نہیں لیتے “، اور آخری بات بھی کان کھول کر سُن لیں ، “ کفار کہیں گے کہ کاش ہم نے سنا اور عقل سے کام لیا ہوتا تو ہم جہنمی نہ ہوتے “، اس سب کے باوجود قرآن ہی دنیا کی وہ واحد کتاب ہے کہ اس کے ماننے والے ہی اس کو سمجھ کر نہیں پڑھتے ، اب خود فیصلہ کریں کہ اللہ کے کلام کی بے حرمتی کے اصل ذمہ دار کون لوگ ہیں ، اس کا جواب تو یہ ہوگا کہ جو اس کے ماننے والے ہیں وہ ہی ذمہ دار ہیں ، کیا اللہ ان سے سوال نہیں کرے گا ؟ کیا جواب ہے ہمارے پاس ؟ اللہ کے بندو ! ابھی وقت ہے قرآن سے رابطہ قایم کریں ، آج بھی ایسے مسلمان موجود ہیں جنھوں نے قرآن نہیں پڑھا ، کیا انھیں اپنے رب کے سامنے حاضر نہیں ہونا ؟ لوگو ! یاد رکھو ہم سب اس کے ذمہ دار ہیں ، جو قرآن دنیا کے تمام انسانوں تک پہنچانا تھا اس کو ہم نے کپڑے میں لپیٹ کر اپنے گھروں میں رکھ لیا ، ہم سب اس کے مجرم ہیں ، آج سے ہی قرآن پڑھنے کی عادت ڈالیں ، نہیں تو جواب دینے کے لیے تیار رہیں ، اللہ ہمیں قرآن کو سمجھ کر پڑھنے والا بنادے، آمین ۔