جموں، آج ضلع جموں کے آر ایس پورہ علاقے کے گاؤں ویاس پور میں عظیم سماجی مصلحین مہاتما جیوتی راو پھولے، بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور مہاتما سنت رام باجی کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ پروگرام مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد عوام کو ان عظیم شخصیات کی جدوجہد، نظریات اور سماجی خدمات سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب میں گاؤں کے عوام کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ پروگرام میں سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر شری جیالال ورما اور ریاستی سیکریٹری شری راکیش ورما نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں شری جیالال ورما نے کہا کہ مہاتما پھولے، بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر اور سنت رام باجی نے ہندوستانی سماج میں پسماندہ طبقات کے حقوق اور مساوات کے لیے جو جدوجہد کی، وہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ان عظیم رہنماؤں کے نظریات کو اپنائیں اور تعلیم، برابری اور سماجی انصاف کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
پروگرام میں ثقافتی پیشکشیں، تقاریر اور انقلابی شخصیات کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ آخر میں مقررین نے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔