राजस्थान

درگاہ اجمیر شریف کی پہلگام دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار

اجمیر، درگاہ اجمیر شریف کی جانب سے کشمیر کے پہلگام کے بائیسارن وادی میں ہونے والے خوفناک دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اس بزدلانہ حملے میں 28 بے گناہ افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جس سے پورے ملک میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

درگاہ اجمیر شریف کے گدی نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے صدر، حاجی سید سلمان چشتی نے ایک دل گرفتہ پیغام میں کہا:
“یہ سفاکانہ حملہ نہ صرف معصوم جانوں پر حملہ ہے بلکہ انسانیت، امن اور بقائے باہمی پر بھی سنگین حملہ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی دہشت گردی معاشرتی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے اور اسے ہر سطح پر سختی سے رد کرنا چاہیے۔
“ہم ان تمام خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھو دیے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی اور تمام متاثرین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہیں۔”

حاجی سید سلمان چشتی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر، اتحاد اور امن کے اصولوں کو تھامے رکھیں۔ انہوں نے کہا:
“ایسے پُرتشدد واقعات کے باوجود، ہمیں اپنے عزم کو مزید مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ہم نفرت اور خوف کے مقابلے میں انسانیت اور ہمدردی کو فروغ دے سکیں۔”

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حملے میں ملوث مجرموں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور دہشت گردی کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔

درگاہ اجمیر شریف، جو ہمیشہ امن، روحانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت رہی ہے، ایک بار پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ہر قسم کی انتہاپسندی کے خلاف کھڑی رہے گی۔