उर्दू

پہلگام میں بے گناہ سیاحوں کے قتل پر ’سِٹیزنز فار فریٹرنٹی‘ کا شدید رنج و غم اور سخت مذمت

نئی دہلی،  پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں بے گناہ سیاحوں کے بے رحمانہ قتل پر ’سِٹیزنز فار فریٹرنٹی (CFF)‘ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس بہیمانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ پورے ملک میں غم و غصے کی لہر لے آیا ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے:
“ہم اس غیر انسانی حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ بزدلانہ حملہ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے، لیکن ہم سب شہری اس سانحے کا مل کر مقابلہ کریں گے اور ملک میں امن و امان کو ہر حال میں برقرار رکھیں گے۔”
تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین جرم کے مرتکبین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اس بیان پر دستخط کرنے والوں میں ملک کی کئی معروف شخصیات شامل ہیں:

ڈاکٹر ایس۔ وائی۔ قریشی – سابق چیف الیکشن کمشنر

ڈاکٹر نجیب جنگ – سابق لیفٹیننٹ گورنر دہلی و سابق وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیع الدین شاہ – سابق ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف اور سابق وائس چانسلر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی

شاہد صدیقی – سابق رکن پارلیمان اور روزنامہ ’نئی دنیا‘ کے مدیر

سعید مصطفیٰ شیروانی – صنعت کار اور سابق صدر، فیڈریشن آف ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشنز آف انڈیا

یہ بیان ملک میں بین المذاہب بھائی چارے اور انسانی اقدار کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کرتا ہے۔