آگرہ: اسلامیہ لوکل ایجنسی کے چیئرمین حاجی اسلم قریشی نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم سیاحوں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو انسانیت پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا کوئی شہری ایسے گھناؤنے فعل کو برداشت نہیں کر سکتا۔
حاجی اسلم قریشی نے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر کے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سفاکانہ قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کو فوراً تلاش کر کے قانون کے مطابق چوراہے پر سرِ عام پھانسی دی جائے، تاکہ آئندہ کوئی دہشت گرد تنظیم بھارت کے خلاف ناپاک عزائم رکھنے کی جرأت نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس دلخراش واقعے پر غم زدہ ہے اور عوام فوری اور سخت کارروائی کی متقاضی ہے۔ حاجی قریشی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہر ہندوستانی کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔