उर्दूमध्य प्रदेश

پہلگام دہشت گرد حملے پر آل انڈیا علماء بورڈ مدھیہ پردیش کی شدید مذمت — “اسلام میں ایک بے گناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے”

بھوپال/نئی دہلی، جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے ہولناک دہشت گردانہ حملے، جس میں 26 سیاح جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، پر آل انڈیا علماء بورڈ مدھیہ پردیش نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مدھیہ پردیش کے صدر قاضی عظمت شاہ مکی اور نائب صدر مفتی سید دانش پرویز ندوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا:
یہ حملہ نہ صرف بے گناہ انسانوں پر ہے بلکہ انسانیت، آئین ہند اور اسلام کی بنیادی تعلیمات پر براہِ راست حملہ ہے۔ اسلام ایسی کسی بھی حرکت کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔

انہوں نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
جس نے کسی ایک بے قصور کو قتل کیا، گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا” (سورہ مائدہ 5:32)

علماء بورڈ نے اس واقعے کو ملک کی یکجہتی اور امن کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیتے ہوئے حکومت ہند اور جموں و کشمیر انتظامیہ سے درج ذیل مطالبات کیے:

  1. اس حملے میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کر سخت ترین سزا دی جائے۔
  2. وادی میں سیاحت اور عام شہریوں کی حفاظت کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے۔
  3. فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے والے اداروں اور مذہبی قیادت کو اعتماد میں لے کر مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔

مفتی سید دانش پرویز ندوی نے کہا:
آج کے حالات میں مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہوں اور اسلام کی اصل تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں — جو امن، عدل اور رحمت کا دین ہے۔

علماء بورڈ نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

آل انڈیا علماء بورڈ مدھیہ پردیش نے ملک بھر کی مذہبی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مذہبی پلیٹ فارمز سے دہشت گردی کے خلاف واضح پیغام دیں اور قوم کی سالمیت کو مستحکم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔