آگرہ، ثقافتی تنظیم “چترانشی” کا ایک اہم اجلاس آج اے-1، پرشوناتھ پنچوتی، تاج نگری فیز-2، آگرہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر جناب ترن پاتھک نے کی، جبکہ نظامت تنظیم کے سیکریٹری ایڈوکیٹ عامر احمد نے انجام دی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سال کا معزز “چترانشی فراق ایوارڈ” معروف ہندی-اردو شاعر ڈاکٹر کلیم قیصر (گورکھپور) کو دیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی طے کیا گیا کہ ایوارڈ تقریب اور کل ہند مشاعرہ کا انعقاد 15 جون 2025 کو کیا جائے گا، جس میں ملک بھر کے ممتاز شعرا اور ادبا شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دنوں معصوم اور نہتے سیاحوں پر ہونے والے بربریت آمیز دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اراکین نے اس المناک واقعے کے ذمہ دار دہشت گردوں، ان کے حمایتیوں اور پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
مرحومین کی مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اشکبار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس میں جناب ترن پاتھک، جناب جی ڈی شرما، ایڈوکیٹ عامر احمد، کرنل جی ایم خان، جناب مہیش دھاکڑ، جناب بھارت دیپ ماتھر، جناب محمود الزماں، اور پروفیسر محمد حسین سمیت کئی معزز اراکین موجود تھے۔