18ویں ’میٹ ایٹ آگرہ‘ کا افتتاح، 11 ممالک کے نمائندگان کی شرکت، چائنا پویلین مرکزِ توجہ

آگرہ، : فٹ ویئر کمپونینٹس، میٹریلس، مشینری، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کے لیے منعقد ہونے والے 18ویں ’میٹ ایٹ آگرہ‘ کا افتتاح ہفتہ کو آگرہ ٹریڈ سینٹر، سنگنا میں ہوا۔ تین روزہ نمائش کا افتتاح اترپردیش اسٹیٹ ٹرانسفارمیشن کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر منوج کمار سنگھ نے منتظمین کے عہدیداران کے ساتھ کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منوج کمار سنگھ نے کہا کہ آگرہ کی لیذر اور فٹ ویئر صنعت اترپردیش کی معیشت، برآمدات اور روزگار میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ عالمی کاروباری ماحول میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، معیار، ڈیزائن، پیداواریت اور ہنرمندی کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لیذر سیکٹر سے متعلق مسائل اور چیلنجز کے حل کے لیے ان کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لیذر اور فٹ ویئر کے برآمد کنندگان اور صنعت کار اپنے مسائل، تجاویز اور پالیسی سے متعلق امور کمیٹی کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔ متعلقہ محکموں کے تعاون سے مسائل کے مؤثر اور بروقت حل کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے عملی حل اور تجاویز بھی پیش کریں، تاکہ ریاست میں پیداوار، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کے درمیان مسلسل رابطہ ہی سیکٹر کے مسائل کے حل کی بنیاد ہے۔ اترپردیش اب ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ سے آگے بڑھ کر ’اسپیڈ آف ڈوئنگ بزنس‘ کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کو صنعت تک پہنچانا مقصد: گوپال گپتا
ایفمیک کے صدر گوپال گپتا نے مہمان خصوصی سمیت ملک و بیرون ملک سے آئے نمائش کنندگان، نمائندگان اور صنعت کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال کے سفر میں ’میٹ ایٹ آگرہ‘ ایک نمائش سے آگے بڑھ کر فٹ ویئر صنعت کے لیے ٹیکنالوجی، تجارت اور نئے مواقع کا اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فےئر کا مقصد آگرہ کی فٹ ویئر صنعت کو دنیا کی جدید ٹیکنالوجی، نئے میٹریلس اور مشینری سے جوڑنا ہے، تاکہ صنعت کار معیار اور پیداواریت میں اضافہ کرکے عالمی مارکیٹ میں اپنی مسابقتی صلاحیت مضبوط کرسکیں۔
آگرہ ’ورلڈ کیپیٹل آف فٹ ویئر‘ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے: پورن ڈاور
ڈیولپمنٹ کونسل فار فٹ ویئر اینڈ لیذر انڈسٹری کے چیئرمین اور ایفمیک کے کنوینر پورن ڈاور نے کہا کہ آگرہ کے پاس نسلوں سے چلا آرہا ہنر، مضبوط مینوفیکچرنگ نظام، کاروباری صلاحیت اور مارکیٹ سے مضبوط تعلق موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مناسب ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور پالیسی تعاون کے ذریعے آگرہ ’ورلڈ کیپیٹل آف فٹ ویئر‘ بن سکتا ہے۔
پورن ڈاور نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا دوسرا سب سے بڑا فٹ ویئر پیدا کرنے والا ملک ہے اور سالانہ تقریباً تین ارب جوڑے تیار کرتا ہے۔ ملکی اور عالمی مارکیٹ میں معیار کے الگ الگ پیمانے نہیں ہونے چاہئیں بلکہ عالمی معیار کو صنعت کا بنیادی معیار بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فری ٹریڈ ایگریمنٹس نئے عالمی بازاروں کے دروازے کھول رہے ہیں، تاہم ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے صنعت کو ٹیکنالوجی، ڈیزائن، پیداواریت، پائیداری اور معیار کے میدان میں مزید مضبوط ہونا ہوگا۔
انہوں نے ’ون ڈسٹرکٹ، ون پروڈکٹ‘ کو ’ون ڈسٹرکٹ، ون پروڈکٹ، ون ایجوکیشن‘ کی سمت میں آگے بڑھانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ فٹ ویئر کی تعلیم کا آغاز آگرہ سے ہونا چاہیے۔
11 ممالک کی شرکت، چائنا پویلین توجہ کا مرکز
18ویں ’میٹ ایٹ آگرہ‘ میں اس سال ہندوستان، ارجنٹینا، فرانس، برازیل، چین، جرمنی، اٹلی، پرتگال، اسپین، تائیوان اور ویتنام سمیت 11 ممالک کے نمائندگان اور نمائش کنندگان شریک ہیں۔
فےئر میں چائنا پویلین خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ غیر ملکی نمائش کنندگان کی شرکت سے فٹ ویئر کمپونینٹس، میٹریلس، مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عالمی کاروباری رابطوں اور تکنیکی تبادلے کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔
صنعت کاروں کو ایکسیلنس ایوارڈز
افتتاحی تقریب میں فٹ ویئر اور کمپونینٹس صنعت میں نمایاں خدمات کے لیے ایفمیک ایکسیلنس ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔
فٹ ویئر شعبے میں بہترین خاتون صنعت کار کا ایوارڈ میناکشی کالسی (میٹرو اینڈ میٹرو) اور نوجوان صنعت کار کا ایوارڈ تانیا نر جھرا (ویروپاکشی شوز) کو دیا گیا۔
کمپونینٹس شعبے میں بہترین خاتون صنعت کار کا ایوارڈ شویتا آریا (سول فل سول) اور بہترین مرد صنعت کار کا ایوارڈ اجول سچدیو (الَرٹ سولز) کو ملا۔
ایکسپورٹ ایکسیلنس ایوارڈ گپتا ایچ۔سی۔ اوورسیز (آئی) پرائیویٹ لمیٹڈ، میٹرو اینڈ میٹرو اور لائنر شوز پرائیویٹ لمیٹڈ کو دیا گیا، جبکہ طویل عرصے سے صنعت میں نمایاں خدمات کے لیے ویریندر کمار مہاجن (ویسٹن ربڑ) کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ایفمیک کے سابق صدر کیپٹن اے۔ایس۔ رانا، نائب صدور راجیو واسن اور راجیش سہگل، فےئر کمیٹی کی چیئرپرسن مالا کھیڑا، ایف ڈی ڈی آئی کے ایم ڈی وویک شرما، ایفکوما کے صدر سنجے گپتا، ایفمیک کے خزانچی چندر موہن سچدیو، سیفی کے ریاستی صدر اوپیندر سنگھ ’لولی‘، شو فیکٹرز فیڈریشن کے صدر وجے ساما اور صنعت سے وابستہ دیگر اہم شخصیات موجود رہیں۔
پہلے روز 4,211 افراد نے دورہ کیا
فےئر کے پہلے روز مجموعی طور پر 4,211 افراد نے نمائش کا دورہ کیا، جن میں 1,938 رجسٹرڈ بزنس وزیٹرز اور 437 طلبہ و مستقبل کے صنعت کار شامل تھے۔
18واں ’میٹ ایٹ آگرہ‘ 5 اکتوبر تک آگرہ ٹریڈ سینٹر، سنگنا میں جاری رہے گا۔ نمائش روزانہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کھلی رہے گی۔
