جامعہ ملیہ اسلامیہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے فخر اور مسرت ہو رہی ہے کہ ستائیس اپریل دوہزار چھبیس کو شعبہ اردو،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام اور’قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان“ (این سی پی یو ایل)وزارت تعلیم، حکومت ہندکے اشتراک سے جامعہ کے سی آئی ٹی۔ ایف ٹی کے میں، منعقدہ قومی سمینار، بعنوان ”کلیم الدین احمد کی نگارشات: ایک باز دید“ میں پڑھے گئے مقالات،کتابی شکل میں شائع ہو گئے ہیں۔ مذکورہ کتاب کی تدوین و تہذیب،شعبہ اردو کے صدر اور سمینار کے کنوینر پروفیسر کوثر مظہری نے کی ہے۔ واضح ہوکہ اس قومی سیمینار کا انعقاد اور مذکورہ کتاب کی اشاعت عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اورپروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بھرپور، غیر متزلزل تعاون اور ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں ہی ممکن ہو سکی ہے۔
یہ کتاب بائیس علمی و تحقیقی مقالات پر مشتمل ہے، جن میں پروفیسر شافع قدوائی (علی گڑھ) کا اٹھارہ صفحات پر محیط طویل کلیدی خطبہ اور پروفیسر کوثر مظہری کا اٹھارہ صفحات پر مشتمل تفصیلی پیش لفظ بھی شامل ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ کتاب کلیم الدین احمد سے متعلق مواد تلاش کرنے والے اساتذہ اور محققین کے لیے ایک معتبر حوالہ جاتی کتاب ثابت ہوگی۔
شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو علمی و تعلیمی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے شعبہ، پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ کے متعین کردہ علمی راہ پر گامزن ہے۔
