رپورٹ۔ایس منیر
علی گڑھ ۔سلسلہ قادریہ و چشتیہ کے ممتاز بزرگ، عظیم صوفی شاعر اور صاحب علم و عرفان حضرت نیاز بے نیاز شاہ نیاز احمد کے ۱۹۸ویں عرس مبارک کی مناسبت سے شہر علی گڑھ میں عقیدت و احترام کے ساتھ
حضرت نیاز بے نیاز شاہ نیاز احمدؒ کے ۱۹۸؍ویں مبارک عرس کی مناسبت سے النیاز ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام سید کالونی، سر سید نگر، علی گڑھ میں واقع خانقاہ نیازیہ میں فاتحہ خوانی اور محفل نعت و منقبت کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر بعد نماز عصر فاتحہ خوانی ہوئی، جبکہ بعد نمازعشاء نعت و منقبت کی محفل سجائی گئی۔ اس میں حضرت شاہ نیاز احمدؒ کا مخصوص صوفیانہ کلام بھی پیش کیا گیا۔ خاص طور پر یہ کلام پیش کیا گیا ۔عشق میں تیرے کوہ غم سر پہ لیا، جو ہو سو ہوعیش و نشاط زندگی چھوڑ دیا، جو ہو سو ہو۔
اس موقع پر پیر طریقت ڈاکٹر محمد عباس نیازی نے عقیدتمندوں کو حضرت شاہ نیاز احمدؒ کی حیات مبارکہ اور ان کے روحانی و علمی مقام پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قادریہ اور چشتیہ سلسلوں کے حسین اور کامیاب امتزاج کا نام حضرت شاہ نیاز احمدؒ ہے، یہی وجہ ہے کہ شاہ نیاز بے نیازؒ کو غوث و خواجہ کا جانشین تسلیم کیا جاتا ہے۔ آپ کو سلسلہ چشتیہ کے حضرت فخرالدین دہلویؒ سے بیعت، خلافت اور جانشینی عطا ہوئی، جبکہ سلسلہ قادریہ میں اولاد غوث اعظمؓ حضرت شاہ عبداللہ بغدادی قادری سے خلافت اور جانشینی کا شرف حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ آپ کی ولایت، جانشینی، دینی فضیلت اور علمی مقام کو تمام سلاسل اور خانقاہوں نے تسلیم کیا، بلکہ آپ کے قطب عالم ہونے کو بھی دل سے قبول کیا۔ آپ کی روحانیت آج بھی ہزاروں مردہ دلوں کو زندگی بخش رہی ہے اور آپ کی خانقاہ سے روحانی فیض کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
پیر طریقت ڈاکٹرنیازی نے بتایا کہ آپ کے والد ماجد حکیم الٰہی شاہؒ کے نزدیک دین اس قدر عزیز تھا کہ تخت و تاج بھی ان کے راستے کی رکاوٹ نہ بن سکا۔ انہوں نے اندی جان بخارہ سے تخت و تاج کو ٹھکرا کر دین کی تبلیغ کی خاطر ہندوستان کا رخ کیا اور سرہند میں قیام فرمایا، جہاں حضرت شاہ نیاز احمدؒ کی ولادت ۱۷۵۰ء میں ہوئی۔آپ کے والد نے شاہ نیاز احمدؒ کو دینی علوم کے حصول کے لیے دہلی میں سلسلہ چشتیہ کے مشہور عالم دین حضرت مولانا فخرالدین دہلویؒ کی خدمت میں بھیجا۔ ان کے مدرسے میں آپ نے قرآن، حدیث، فقہ اور منطق وغیرہ کی تعلیم حاصل کی اور دستار فضیلت سے سرفراز ہوئے۔ اسی دوران آپ کی لیاقت، قابلیت اور ذہانت کا چرچا پورے دہلی میں پھیل گیا۔ بڑے بڑے علمائے دین اور فقہا آپ سے فیض حاصل کرنے کے لیے آپ کی خدمت میں حاضر ہونے لگے۔
پیر طریقت ڈاکٹر محمد عباس نیازی نے مزید کہا کہ حضرت شاہ نیاز احمدؒ نے تقریباً ۲۶ ؍رسائل تصنیف فرمائے، جو آج بھی اہل تصوف کے لیے بیش قیمت علمی و روحانی سرمایہ اور نایاب خزانہ ہیں۔ آپ کا ایک دیوان بھی شائع ہوا، جس میں عربی، فارسی، اردو اور ہندی زبانوں کا صوفیانہ کلام شامل ہے ۔ آپ کا کلام دنیا بھر میں نہ صرف پڑھا جاتا ہے بلکہ بے حد پسند بھی کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشہور کلاسیکی گلوکارہ عابدہ پروین نے بھی آپ کے متعدد کلام پیش کیے ہیں، جنہیں دنیا بھر میں پسند کیا گیا۔ ان میں ایک مشہور کلام یہ ہے۔
مجھے بے خودی یہ تو نے بھلی چاشنی چکھائی
کسی آرزو کی دل میں نہیں اب رہی سمائی
نہ مقام گفتگو ہے نہ محل جستجو ہے
نہ وہاں ہواس پہنچے نہ خرد کو ہے رسائی
ڈاکٹر نیازی نے بتایا کہ حضرت شاہ نیاز احمدؒ کی قابلیت، اہلیت، روحانیت اور طریقت کو دیکھتے ہوئے حضرت مولانا فخرالدین دہلویؒ نے آپ کو اپنا خلیفہ اور جانشین مقرر فرمایا اور بریلی جانے کا حکم دیا۔ بریلی پہنچ کر حضرت شاہ نیاز احمدؒ نے مدرسے کے قیام کے ساتھ ہی ایک خانقاہ کی بنیاد بھی رکھی ۔ مدرسے کے ساتھ خانقاہ قائم کرنے کا ایک خاص مقصد یہ تھا کہ لوگوں کے ظاہر کے ساتھ ان کے باطن کو بھی منور کیا جائے۔ جہاں مدارس انسان کے ظاہر کو درست اور سنوارتے ہیں، وہیں خانقاہ انسان کے باطن کی اصلاح کرکے اسے اس قدر روشن کرسکتی ہے کہ وہ دوسروں کے لیے بھی روشنی کا ذریعہ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مشہور و معروف خانقاہ نیازیہ میں آج بھی بڑی تعداد میں لوگ بلا تفریق مذہب و ملت عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دیتے ہیں اور روحانی فیض حاصل کرتے ہیں ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مدرسے کے ساتھ خانقاہ کے قیام کا جو مقصد تھا، وہ آج بھی پورا ہو رہا۔ حضرت شاہ نیاز احمدؒ کا وصال ۶ جمادی الثانی۱۸۴۸ء کو بریلی میں ہوا۔ آپ کو سلسلہ قادریہ اور چشتیہ کا حقیقی جانشین تسلیم کیا جاتا ہے۔ آپ کے سلسلے میں بیعت ہونے والے عقیدت مند اپنے نام کے ساتھ نیازی لکھتے ہیں۔
اس موقع پر صوفیانہ کلام پیش کیاگیا۔ پروگرام کے اختتام پر فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور ملک میں امن و امان، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس موقع پر علی زمن نیازی، علی فخری نیازی، علی حسنین نیازی، سرور عظیم نیازی، حیدر علی نیازی، کریم نیازی، روحان نیازی، حافظ فرقان نیازی، عاطف نیازی، صفدر نیازی، جعفر نیازی وغیرہ کے علاوہ بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے۔
پیر طریقت ڈاکٹرنیازی نے بتایا کہ حضرت شاہ نیاز احمدؒ کا ۱۹۸؍واں عرس مبارک بریلی میں نہایت شان و شوکت اور عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگا۔ آپ کا قل شریف ۶ ؍جمادی الثانی ۱۴۴۸ ہجری، یعنی ۱۷ نومبر ۲۰۲۶ء کو موجودہ جانشین شاہ مہدی میاں چشتی قادری نیازی کی قیادت اور
سرپرستی میں منعقد ہوگا۔
