سرینگر، : احاطۂ وقار (سینئر سٹیزنز کونسل) چھانہ پورہ نے اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر، منظم اور فعال بنانے کے لیے 10 رکنی ایگزیکٹو بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ کونسل کے صدر عبدالغنی پرے بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔
ایگزیکٹو بورڈ کے دیگر ارکان میں شبیر مجاہد، حکیم محمد یاسین، مشتاق شاہ (محرم)، رخسانہ جبین، قاضی عبدالرشید، جاوید احمد بیگ، محمد امین، محمد شعبان، انجینئر خضر محمد ترگ، حافظ اللہ میر اور غلام قادر بھٹ شامل ہیں۔
بورڈ کے قیام کے بعد منعقدہ پہلے اجلاس میں سینئر شہریوں کی فلاح و بہبود، ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بزرگ خواتین کی مؤثر شمولیت اور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے احاطۂ وقار کے تحت ایک علیحدہ ویمن ونگ قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی رخسانہ جبین کریں گی۔
اجلاس میں اراکین پر زور دیا گیا کہ وہ تنظیم کے سرکاری واٹس ایپ گروپ پر فعال رہیں اور تمام سرکاری اطلاعات، نوٹسز اور پیغامات پر بروقت توجہ دیں۔
شرکاء نے احاطۂ وقار میں بزرگ شہریوں کو فراہم کی جانے والی موجودہ سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کو پیش کیے گئے میمورنڈم میں شامل مطالبات کی منظوری کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ساتھ ہی بزرگ شہریوں کی سہولت اور فلاح کے لیے نئی خدمات متعارف کرانے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ احاطۂ وقار کی تمام سرگرمیوں، عوامی فلاحی پروگراموں اور اقدامات کی مؤثر میڈیا کوریج، دستاویزی ریکارڈ اور اخبارات میں اشاعت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ادارے کی خدمات سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے اور تنظیم کا ریکارڈ محفوظ رہے۔
اجلاس نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق آگاہی مہمات کو وسعت دینے، مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ رابطہ مضبوط بنانے اور متعلقہ حکام کے سامنے پیش کردہ میمورنڈم پر مؤثر پیروی جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر جاوید احمد بیگ کو کونسل کے مالی امور کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام اراکین نے بزرگ شہریوں کی عزت، وقار، فلاح و بہبود اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ صدر عبدالغنی پرے نے اجلاس میں فعال شرکت اور مفید تجاویز پیش کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

