6 اگست کو پرچم کشائی سے عرسِ رضوی کا آغاز، 8 اگست کو کُل شریف کے ساتھ اختتام
بریلی: امامِ اہلِ سنت، مجددِ دین و ملت، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلویؒ کے 108ویں سالانہ عرسِ رضوی کی تین روزہ تقریبات 6، 7 اور 8 اگست کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ درگاہِ اعلیٰ حضرت اور اسلامیہ میدان میں منعقد ہوں گی۔
درگاہِ اعلیٰ حضرت کے سربراہ حضرت مولانا الحاج سبحان رضا خان (سبحانی میاں) نے منگل کے روز عرسِ رضوی کا باضابطہ پروگرام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عرس کی تمام تقریبات ان کی سرپرستی، سجادہ نشین مفتی احسن رضا قادری (احسن میاں) کی صدارت اور سید آصف میاں کی نگرانی میں انجام پائیں گی۔
میڈیا انچارج ناصر قریشی کے مطابق عرس کا باقاعدہ آغاز 6 اگست (جمعرات) کو شام 6 بجے اسلامیہ میدان میں پرچم کشائی کی روح پرور تقریب سے ہوگا۔ اس سے قبل شام 4 بجے اعظم نگر سے پرچمی جلوس مفتی احسن میاں کی قیادت میں مختلف راستوں سے ہوتا ہوا درگاہِ اعلیٰ حضرت پہنچے گا، جہاں سلامی کے بعد حضرت سبحانی میاں کی قیادت میں دوبارہ اسلامیہ میدان پہنچ کر پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائے گی۔
نمازِ مغرب کے بعد محفلِ میلاد منعقد ہوگی، جبکہ رات 10 بج کر 35 منٹ پر حضرت حجۃ الاسلام کے کُل شریف کی رسم ادا کی جائے گی۔ اس کے فوراً بعد حضرت احسن میاں کی صدارت میں عظیم الشان نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ اس سال کا طرحی مصرع “صورت دیکھو ظالم کی تو کیسی بھولی بھالی ہے” مقرر کیا گیا ہے، جس پر ملک و بیرونِ ملک کے معروف شعراء اپنا نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔
7 اگست (جمعہ) کو نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی ہوگی، جبکہ صبح 8 بجے تحفظِ مذہب و مسلک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ صبح 9 بج کر 58 منٹ پر ریحانِ ملت کے کُل شریف کی رسم ادا ہوگی۔ دن بھر چادر پوشی، فاتحہ خوانی اور دیگر مذہبی تقریبات جاری رہیں گی، جبکہ رات میں نامور علماء کرام کے خطابات ہوں گے۔ رات 1 بج کر 40 منٹ پر مفتیِ اعظمِ ہند کے کُل شریف کی رسم ادا کی جائے گی۔
8 اگست (ہفتہ) کو نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے آغاز ہوگا۔ صبح 8 بجے سے نعت و منقبت، دینی بیانات اور روحانی محافل کا سلسلہ جاری رہے گا، جو دوپہر 2 بج کر 38 منٹ پر اعلیٰ حضرت کے کُل شریف کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
عرسِ رضوی کے تمام انتظامات سید آصف میاں کی سربراہی میں قائم انتظامی کمیٹی انجام دے گی، جس میں درگاہ کے ذمہ داران اور رضاکاروں کی بڑی تعداد مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے گی تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

