
نئی دہلی۔ کانگریس کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور اتر پردیش کے اقلیتی شعبہ کے سربراہ محمود خان نے آندھرا پردیش میں ہونے والے بھیانک بس حادثے پر گہرا افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے ہمدردی کا پیغام دیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
محمود خان نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی دردناک اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متوفی افراد کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیا جائے اور زخمیوں کے علاج کی تمام تر سہولتیں بالکل مفت فراہم کی جائیں۔
اس کے علاوہ، انہوں نے حادثے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بس آپریشن اور ٹریفک حفاظتی قوانین میں غفلت برتنے والے ذمہ دار حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
محمود خان نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سڑک حفاظتی قوانین کی پابندی کریں اور اس طرح کے حادثات سے بچاؤ میں اپنا تعاون فراہم کریں۔

