سیکولر ووٹوں کے بکھراؤ، فرقہ پرستی کے پروپیگنڈے اور آئندہ اسمبلی انتخابات پر ہوگی تفصیلی گفتگو
لکھنؤ، : ملک اور بالخصوص اترپردیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آل انڈیا علماء بورڈ نے اکتوبر میں لکھنؤ میں ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں سیکولر ووٹوں کے بکھراؤ، فرقہ پرستی کے مبینہ پروپیگنڈے، عوامی بیداری اور آئندہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے تناظر میں تفصیلی غوروفکر کیا جائے گا۔ اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
آل انڈیا علماء بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری علامہ بنائی حسنی نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں عوام کو سیاسی صورتحال سے باخبر اور باشعور رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کا مقصد ہمیشہ سے عوام کو کسی بھی قسم کے فرقہ وارانہ یا تقسیم پیدا کرنے والے پروپیگنڈے سے ہوشیار کرنا اور سیکولر ووٹوں کے بکھراؤ کو روکنے کے امکانات پر غور کرنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اکتوبر میں منعقد ہونے والا یہ اجلاس خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اجلاس میں ملک اور ریاست کی موجودہ صورتحال، انتخابی ماحول، عوامی بیداری اور بورڈ کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
’’ووٹوں کے بکھراؤ سے سیاسی حالات متاثر ہوسکتے ہیں‘‘
علامہ بنائی حسنی نے دعویٰ کیا کہ مختلف ذرائع اور سیاسی کوششوں کے ذریعے ووٹوں کو تقسیم کرنے اور عوام کے درمیان ابہام پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں عوام کو کسی بھی پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے سیاسی صورتحال کو سمجھ کر اپنا فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے اور اسی لیے قومی و ریاستی سطح کے ذمہ داران کے ساتھ مشاورت کے لیے ہنگامی اجلاس بلایا جا رہا ہے۔
علامہ بنائی حسنی نے مزید کہا کہ سماج کے نام پر ہونے والی مختلف سیاسی کوششوں اور ان کے ممکنہ اثرات پر بھی اجلاس میں گفتگو ہوگی۔ ان کے مطابق عوامی بیداری اور سیاسی شعور کو فروغ دینا موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قومی صدر سمیت اہم عہدیداران ہوں گے شریک
بورڈ کے قومی صدر مولانا نوشاد احمد صدیقی بھی لکھنؤ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں قومی اور ریاستی سطح کے عہدیداران اور ذمہ داران کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایڈووکیٹ امجد خان، ایڈووکیٹ مولانا انعام علیگ، واصف عمر، اترپردیش صدر پیرزادہ عامر شیخ قادری، اترپردیش یوتھ صدر انجینئر محمد عادل، اترپردیش میڈیا انچارج اکرم خان اور قومی میڈیا کوآرڈینیٹر اظہر عمری سمیت دیگر ذمہ داران بھی سرگرم ہیں۔
اجلاس کی تاریخ کا اعلان جلد
آل انڈیا علماء بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس کی حتمی تاریخ اور تفصیلی پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اکتوبر میں ہونے والے اس ہنگامی اجلاس میں اترپردیش کے موجودہ سیاسی منظرنامے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بورڈ کے آئندہ لائحہ عمل پر اہم مشاورت متوقع ہے۔
