عبدالمتین صدیقی ریاستی صدر، سونم بگواڑی کو ریاستی انچارج اور آ بھا بڑتھوال کو گڑھوال منڈل کی ذمہ داری
لکھنؤ: آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی نے اتراکھنڈ میں تنظیم کو مضبوط بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی نے ریاستی صدر سمیت اہم تنظیمی عہدوں پر نئی تقرریاں کی ہیں۔
ہلدوانی کے رہنے والے عبدالمتین صدیقی کو سماج وادی پارٹی اتراکھنڈ کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا ہے۔ وہیں سونم بگواڑی کو پورے اتراکھنڈ کا ریاستی انچارج اور آ بھا بڑتھوال کو گڑھوال منڈل کا انچارج بنایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے حال ہی میں اتراکھنڈ کے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ اس کے بعد ان کی ہدایت پر نینی تال ضلع کے ہلدوانی واقع آزاد نگر کے رہنے والے عبدالمتین صدیقی کو ریاستی صدر کی ذمہ داری سونپی گئی۔
ان کی قیادت میں پارٹی اتراکھنڈ میں تنظیم کے توسیع، کارکنوں کو متحرک کرنے اور آئندہ سیاسی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے پر توجہ دے گی۔
وہیں، دہرادون کی رہنے والی سونم بگواڑی کو پورے اتراکھنڈ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے ذمہ ریاستی تنظیم کی سرگرمیوں میں تال میل قائم کرنے اور پارٹی پروگراموں کو رفتار دینے کی ذمہ داری ہوگی۔
دہرادون کی ہی آ بھا بڑتھوال کو گڑھوال منڈل کا انچارج بنایا گیا ہے۔ پارٹی کے مطابق اس تقرری کے ذریعے منڈل سطح پر تنظیم کو مزید فعال بنانے اور کارکنوں کے درمیان تال میل بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ان تقرریوں کے ذریعے سماج وادی پارٹی نے اتراکھنڈ میں اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال کرنے اور آئندہ سیاسی سرگرمیوں کے لیے تیاری تیز کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
— اظہر عمری، سینئر صحافی
