بزم میکش کے زیر اہتمام سینٹ جانس کالج میں پروقار ادبی تقریب، علامہ میکش اکبرآبادی کی شخصیت، فکر اور تصوف پر مقالے پیش
آگرہ: شہر کی معروف ادبی انجمن بزم میکش کے زیر اہتمام سینٹ جانس ڈگری کالج کے اسمبلی ہال میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ممتاز ادیب اور دانشور پروفیسر صغیر افراہیم علی گڑھ کو قومی میکش ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ ایوارڈ بزم کے سرپرست و صدر سید اجمل علی شاہ قادری نیازی نے پیش کیا۔ ایوارڈ میں چاندی کا فندل، مومنٹو، شال اور سپاس نامہ شامل تھا۔
تقریب کے مہمان خصوصی مشتبہ اردو کے صدر پروفیسر سید سراج الدین اجمل تھے، جنہیں اس موقع پر صدرِ انجمن کی جانب سے شال اور ٹرافی پیش کی گئی۔ بزم کی جنرل سکریٹری پروفیسر نسرین بیگم نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
تقریب کا علمی و ادبی سیشن ’’علامہ میکش اکبرآبادی کی شخصیت، فکر اور تصوف‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر سبط حسن نقوی ، صدر شعبۂ اردو سینٹ جانس کالج، ڈاکٹر نعیم جعفری، دہلی، ڈاکٹر عبدالحسن، علی گڑھ، ڈاکٹر مجیب شہزاد، علی گڑھ اور عابدہ فاطمہ نے اپنے مقالات پیش کیے۔
پروفیسر صغیر افراہیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم و ادب سے وابستہ کسی بھی ادیب کے لیے وہ لمحات بے حد اہم اور جذباتی ہوتے ہیں جب اس کی علمی و ادبی کاوشوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ اگر یہ اعتراف کسی عظیم ادبی شخصیت سے وابستہ ایوارڈ کی صورت میں ہو تو اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر اور سرمایۂ افتخار ہے۔ انہوں نے بزم میکش کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک پروقار محفل سجاکر انہیں عزت و توقیر سے نوازا۔
مہمانِ ذی وقار پروفیسر ایس پی سنگھ، پرنسپل سینٹ جانس کالج نے کہا کہ بزم میکش ہر سال یومِ میکش کے موقع پر اردو کے کسی ممتاز ادیب کو ایوارڈ سے نوازتی ہے، جو اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم اور قابلِ ستائش کوشش ہے۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر وکرم سنگھل، سابق ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر اتر پردیش نے کہا کہ اس طرح کی ادبی تقریبات کے ذریعے علامہ میکش اکبرآبادی کی شخصیت، ان کے فکر و فن اور محبت و بھائی چارے کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کا اہم کام انجام دیا جا رہا ہے۔ ایسی محفلوں سے ان کی یادیں تازہ ہوتی ہیں۔
اس موقع پر سید فیض علی شاہ کی مرتب کردہ کتاب ’’انتخابِ کلامِ میکش‘‘ (مجموعۂ کلام حضرت سید محمد علی شاہ قادری نیازی، علامہ میکش اکبرآبادی) کی رسمِ اجرا بھی عمل میں آئی۔ اس کے علاوہ پروفیسر نسرین بیگم کے افسانوی مجموعے ’’تلخیاں زندگی کی‘‘ (2012) کا بھی تعارف پیش کیا گیا۔
بزم کے نائب صدر سید فیض علی شاہ نے سپاس نامہ پیش کیا۔ ڈاکٹر عبدالحسن نے اپنے مقالے میں کہا کہ میکش اکبرآبادی کے بیشتر اشعار تصوف کے مضامین پر مبنی ہیں۔ وہ مجازی حسن کا ذکر کریں یا حقیقی محبت کا، ان کی شاعری کا اصل مقصد محبوبِ حقیقی کی معرفت ہے۔ ان کی بعض غزلوں میں وحدت الوجود اور تصوف کے اہم مضامین کی بھرپور عکاسی ملتی ہے۔ انہوں نے میکش کا یہ شعر بھی پیش کیا:
’’تیرا حجاب اٹھانا ہے صرف میرا کام
اگرچہ ہے میری ہی تیرے حجاب کا نام‘‘
ڈاکٹر مجیب شہزاد نے کہا کہ میکش اکبرآبادی بیسویں صدی کے ایک صاحبِ کمال صوفی شاعر تھے۔ انہوں نے روایتی عجز و انکسار کے بجائے خودداری اور ابن عربی کے فلسفۂ وحدت الوجود کی معرفت کے ذریعے اپنی شاعری کو ایک منفرد فکری جہت عطا کی۔
صدرِ محفل سید اجمل علی شاہ نے کہا کہ ادبی پروگرام زندگی کو آگے بڑھانے کی قوت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پروفیسر صغیر افراہیم کو قومی میکش ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسی تقریبات اردو ادب کے علمی اور فکری سرمائے کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں تمام مہمانوں کا تعارف پروفیسر نسرین بیگم نے کرایا۔ سید فیض علی شاہ نے مہمانوں، شرکائے محفل اور بڑی تعداد میں موجود طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا اور سینٹ جانس کالج کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر مقالہ نگاروں اور مہمانوں کو اسناد اور یادگاری نشانات پیش کیے گئے۔ ان میں امیر احمد ایڈووکیٹ، نوید ظہر صدیقی، عابد محمد خان اور اسد سلیمی شامل تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعدیہ سلیم، ڈاکٹر دانشہ، اختر قریشی، سعد اللہ شرما، ڈاکٹر وید ترپاٹھی، پروفیسر رونی جین اور دیگر معزز شخصیات کے علاوہ شہر کے ادیبوں، دانشوروں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پروگرام کی نظامت بزم میکش کی جنرل سکریٹری پروفیسر نسرین بیگم نے انجام دی۔
