آگرہ: ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں کیلاش وہار واقع کاویری گراؤنڈ، نربھئے نگر(نزد ہوٹل لیمن ٹری، کھنداری) میں شسکت پیلی سینا کی قومی صدر شبانہ کھنڈیل وال کے مکان پر ایک باوقار اور پُررونق روزہ افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کی معروف سماجی و معزز شخصیات، روزہ داروں اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور باہمی محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبانہ کھنڈیل وال نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے افطار پروگرام معاشرے میں محبت اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں اور مختلف مذاہب و برادریوں کے لوگوں کو قریب لاتے ہیں۔
افطار سے قبل حاضرین نے ملک میں امن و سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی۔ اس موقع پر مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کی موجودگی نے آگرہ کی گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت جھلک پیش کی۔
منتظمین کی جانب سے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور کہا گیا کہ اس طرح کی تقریبات سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔
اس موقع پر بشیر الحق راکی، شبیر عباس، عثمان عباس، محمد عادل، شانو خان، بال یوگی، فرحان شیخ، عامر قادری اور جمیل خان سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔

