یوپی ورکنگ جرنلسٹس یونین کا دو روزہ صوبائی میٹنگ اختتام پذیر، میڈیا نے رام مندر تحریک میں مثبت کردار ادا کیا: چمپت رائے
ایودھیا: صوبہ اترپردیش کے پارلیمانی امور و طبی صحت کے وزیرِ مملکت مینکیشور شرن سنگھ نے کہا ہے کہ صحافیوں کی مشکلات کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور ان کے آیوشمان کارڈ، پنشن اور دیگر مسائل کے جلد حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں صحافیوں کے آیوشمان کارڈ بنانے میں دشواری پیش آ رہی ہے، اس کا ازالہ فوری طور پر کیا جائے گا۔
وزیر موصوف آج ایودھیا کے جانکی محل ٹرسٹ کے آڈیٹوریم میں یوپی ورکنگ جرنلسٹس یونین کے ریاستی سطحی میٹنگ سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش ملک کی سب سے بڑی آبادی والا صوبہ ہے اور یہاں کے مسائل بھی اسی کے مطابق بڑے ہیں۔ مگر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں ریاستی حکومت نے طبی شعبے میں نمایاں اصلاحات کی ہیں، جس کے نتیجے میں عام شہریوں کو علاج، آپریشن اور دیگر سہولیات بڑی سطح پر میسر ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست کے 81اضلاع میں میڈیکل کالج فعال ہو چکے ہیں۔ اسی موقع پر ایودھیا کے صحافیوں نے اپنے آیوشمان کارڈ نہ بننے کی شکایت پیش کی، جس پر وزیر مئیںکشور شرن سنگھ نے چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی کہ اس معاملے کا حل فوراً نکالا جائے۔
اس میٹنگ سے بہار میں انتخابی مصروفیت کے باعث ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) دینیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ انہیں صحافی برادری سے خصوصی لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، جس نے آزادی کی تحریک سے لے کر آج تک قوم کی تعمیر اور عوامی مسائل کے اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صحافیوں کے تعاون کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں اور آئندہ ایسے اجلاسوں میں شخصی طور پر شرکت کی کوشش کریں گے۔رام جنم بھومی ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رام جنم بھومی تحریک اور مندر تعمیر کے مختلف مراحل میں میڈیا نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی بدولت ہی یہ تحریک عوامی تحریک بنی۔ شیلاناس سے لے کر رام مندر کی تعمیر کے تمام مراحل میں میڈیا نے عوام تک سچائی پہنچائی، اور آج اسی کا نتیجہ ہے کہ نہ صرف ملک بلکہ بیرونِ ملک سے بھی لاکھوں عقیدت مند ایودھیا پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک چھ کروڑ سے زائد زائرین رام للا کے درشن کر چکے ہیں اور25 نومبر کو125 فٹ بلند ’دھرم دھوج‘کے قیام کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
صوبائی نمائندہ میٹنگ سے ایم ایل سی پون سنگھ چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کو اپنا حقیقی ساتھی سمجھتے ہیں، کیونکہ عوامی مسائل کو سمجھنے اور پہنچانے میں صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر یونین نیمی شرنی کے تِیرتھ استھل پر قومی سطح کا میٹنگ منعقد کرے تو وہ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اس موقع پر یوپی ورکنگ جرنلسٹس یونین کے صوبائی صدر حسیب صدیقی نے صحافیوں کے لیے پنشن، طبی سہولت، آیوشمان یوجنا اور کووڈ کے دوران جاں بحق صحافیوں کے اہل خانہ کو امداد سمیت آٹھ نکاتی مطالبات پیش کیے اور حکومت سے ان پر ہمدردانہ غور کی اپیل کی۔ میٹنگ میں یونین کے صوبائی جنرل سکریٹری دیوراج سنگھ، لکھنؤ منڈل کے صدر شیوشرن سنگھ، ایم ایل سی اَبھئے سنگھ، سابق ایم پی نرمل کھتری، آئی ایف ڈبلیو جے کے قومی سکریٹری وشو دیو راؤ، قومی خزانچی رَجَت مشرا، صوبائی نائب صدر ہری کرشن اروڑا، سمن گپتا، وجے تریپاٹھی، انیل تریپاٹھی، پون پانڈے، مہما تیواری، نیلم سنگھ اور دیگر معززین شریک تھے۔ میٹنگ میں صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

