نئی دہلی: (پریس ریلیز)عید الفطر کی آمد کے موقع پر ضرورت مند خاندانوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کے مقصد سے سوسائٹی فار برائٹ فیوچر، نئی دہلی نےخوشیوں کے لباس کے عنوان سے ایک فلاحی پروگرام اسکالر اسکول جامعہ نگر ابوالفضل انکلیو میں منعقد کیا۔ اس موقع پر تقریباً 100 مستحق خاندانوں میں نئے کپڑے اور عید کی سویاں تقسیم کی گئیں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں باوقار انداز میں شریک ہو سکیں ۔
اس مہم کا مقصد معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کے درمیان عید کی خوشیاں بانٹنا اور انہیں احساس دلانا تھا کہ وہ بھی اس اجتماعی خوشی کا حصہ ہیں۔ پروگرام کے دوران مستحق خاندانوں میں تحائف کی تقسیم کے ساتھ ایک خوشگوار اور ہمدردی سے بھرپور ماحول دیکھنے کو ملا ۔
سوسائٹی فار برائٹ فیوچر نے رمضان سے قبل اس فلاحی کام کا اعلان کیا تھا ، اور ہندوستان بھر میں پانچ ہزار غریب خاندانوں میں نئے کپڑے تقسیم کا ہدف طے کیا تھا ، اسی کے تحت یہ تقسیم کا پروگرام دہلی سے شروع کیا گیا ہے جو ملک کی دیگر ریاستوں ،اتر پردیش ، مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ ، بہار جھارکھنڈ سمیت دیگر ریاستوں میں شروع کیا گیا ہے جو عید تک جاری رہے گا ۔
اس موقع پر ایس بی ایف کے جنرل سیکریٹری محمد شفیع مدنی،ایس بی ایف کے خازن عتیق الرحمٰن، ظہور احمد اور ایس بی ایف کے نیشنل کو آرڈینیٹر عرفان احمد نے اس اقدام کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں باہمی ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دیتی ہیں ۔ سوسائٹی فار برائٹ فیوچر نے اس موقع پر تمام معاونین، ڈونرز اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد اور تعاون سے یہ فلاحی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل ہو سکی۔

