ایم ایل اے دلجیت سنگھ گریوال،میئر اندرجیت کور و ایم ایل اے بگا بھی اس موقع پر رہے موجود
لدھیانہ/جالندھر 25 اکتوبر (مظہر): مشہور سماجی کارکن،اقرا اکیڈمی تاجپور روڈ لدھیانہ کے ڈائریکٹر اور جمعیۃ علماء ضلع لدھیانہ کے نائب صدر ڈاکٹر قاری محمد یوسف پنجاب کے ان چنندہ لوگوں میں سے ہیں،جنھوں نے ملک و ملت کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو ایک طرح سے وقف کر دیا ہے اور قوم کی تعلیمی و معاشی کمزوری کو دور کرنا جن کی زندگی کا اصل مشن اور خواب ہے۔
ڈاکٹر صاحب کو ان کی عظیم تعلیمی و ملی خدمات کے پیشِ نظر کئی ملکی سطح کی تنظیموں و این جی اوز کی جانب سے اہم اعزازات سے نوازا گیا ہے،حال ہی میں انھیں انڈین آرمی چیف کے ہاتھوں بھارت شری ایوارڈ جیسا ایک بڑا اہم ملکی ایوارڈ دیا گیا اور ان کی شاندار خدمات کا مسلم و غیرمسلم سبھی نے اعتراف کیا۔
پنجاب کے وزیرِ تعلیم ہرجوت سنگھ بینس ڈاکٹر قاری محمد یوسف اور ٹبہ روڈ لدھیانہ کے دیگر عصری اداروں کے ذمہ داران و ٹیچرس کو سنمانت کرنے کی غرض سے لدھیانہ آئے اور اس موقع سے ملہوترہ پیلس جالندھر روڈ لدھیانہ میں ایک بڑا پروگرام رکھا گیا،جس میں دو ہزار سے زائد عصری اداروں کے ذمہ داران و ٹیچرس شریک ہوے،اس پروگرام کے داعی ایسٹ لدھیانہ کے ہر دل عزیز ایم ایل اے دلجیت سنگھ گریوال بھولا تھے،جبکہ پروگرام میں مہمانان خصوصی کے طور پر پنجاب کے کیبینٹ منسٹر ہرجوت سنگھ بینس،میئر اندرجیت کور صاحبہ،ایم ایل اے مدن لال بگا،ڈاکٹر قاری محمد یوسف،کلوِندر گریوال،سنیل کمار مالک ڈیسنٹ پبلک اسکول کے علاوہ انوج کمار کونسلر ٹبہ روڈ لدھیانہ،کونسلر شرما،دیپ گریوال اور مفتی محمد عارف لدھیانوی کنوینر جمعیۃ علماء پنجاب ہریانہ ہماچل و چنڈی گڑھ بھی شامل ہوے۔
وزیرِ تعلیم پنجاب ہرجوت سنگھ بینس نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ان کی عصری تعلیم کا کچھ وقت لدھیانہ کے کالجز میں گزرا ہے اور ان کی پوری کوشش رہے گی کہ جس طرح تجارت کے حوالے سے لدھیانہ کا ملک و بیرونِ ملک نام ہے،اسی طرح یہاں کے اسکول و کالجز اور ان کے مضبوط نظامِ تعلیم کے چرچے بھی ہر جگہ عام ہوں اور دنیا بھر کے اسٹوڈینٹس تعلیم کے سلسلے میں یہاں کے کالجز کا رخ کرنے میں فخر محسوس کریں۔کیبینٹ منسٹر نے ایسٹ لدھیانہ کے ایم ایل اے دلجیت سنگھ گریوال کو اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی،ٹیچرس کی تعلیمی خدمات کو بلند الفاظ میں سراہا اور ایم ایل اے دلجیت سنگھ گریوال بھولا کی حلقہ ٹبہ روڈ میں اسکولوں کے قیام اور کالجز کے لیے ان کی جاری کاوشوں کا خاص طور ذکر کیا۔
ایم ایل اے دلجیت سنگھ گریوال بھولا نے سب شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا اور حلقہ ایسٹ لدھیانہ کے لیے اپنی خدمات کو آگے بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا،شرکائے پروگرام میں محمد بلال لدھیانوی،محمد مزمل لدھیانوی،قاری محمد سہیل ٹیچر اقرا اکیڈمی تاجپور روڈ لدھیانہ اور قاری علی شان وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

