آگرہ۔ حج 2026 کے لیے جانے والے عازمینِ حج کے لیے اتوار کے روز عیدگاہ نگلا میواتی، تاج گنج، آگرہ میں حج ٹریننگ کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں بڑی تعداد میں عازمین نے شرکت کی اور حج سے متعلق ضروری معلومات حاصل کیں۔
یہ ٹریننگ کیمپ یوپی اسٹیٹ حج کمیٹی، لکھنؤ اور حج کمیٹی آف انڈیا، ممبئی کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا، جس میں حج کے تمام ارکان جیسے احرام، طواف، سعی، عرفات اور جمرات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی سفر کے دوران احتیاطی تدابیر، صحت سے متعلق ہدایات اور دستاویزی امور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ڈاکٹر ذوالفقار (حج ٹرینر) نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج ایک مکمل عبادت ہے، جسے درست معلومات اور مکمل تیاری کے ساتھ ادا کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے عازمین کو تاکید کی کہ وہ ہر عمل کو سنت کے مطابق اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیں۔
عبدالشاکر (حج ٹرینر) نے کہا کہ حج کے دوران چھوٹی چھوٹی احتیاطی تدابیر بڑی مشکلات سے بچا سکتی ہیں۔ انہوں نے عازمین کو دستاویزات کی حفاظت، بھیڑ میں محتاط رہنے اور حج کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرنے کی نصیحت کی۔
قاضیٔ شریعت مفتی محمد مدثر قادری نے اپنے بیان میں کہا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے جو انسان کی روحانی اصلاح کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے نیت کی پاکیزگی، صبر اور حسنِ اخلاق اپنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر فاتحِ آگرہ، مفتی مولانا ارشد الرحمن قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج اسلام کا ایک اہم رکن ہے، جسے خلوصِ نیت اور سنت کے مطابق ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے عازمین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ حج کے دوران صبر، تحمل، بھائی چارہ اور نظم و ضبط کو ملحوظ رکھیں، کیونکہ یہی ایک مقبول اور کامل حج کی پہچان ہے۔
کیمپ میں شریک عازمین نے اس ٹریننگ کو بے حد مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی حج کی ادائیگی آسان اور بہتر ہو جائے گی۔
اس کامیاب پروگرام کے انعقاد میں حاجی سما، حاجی سلیم الدین پٹھان، محمد حفیظ، حاجی علی حسن، ندیم الدین خان، شاہد خان، محمد آصف خان، محمد فیضان اور کامل خان سمیت دیگر معاونین کا اہم کردار رہا۔

