مونگیر/بھاگلپور: شعبۂ اردو یونیورسٹی پی جی ڈیپارٹمنٹ، مونگیر یونیورسٹی، مونگیر میں مرحوم سراج الحق اسسٹنٹ پروفیسر ،کے- ڈی-ایس کالج ,گوگری کے سانحۂ ارتحال پر ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر شاہد رضا جمال
(شاہد رزمی) نے متوفی کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت نیک سیرت اور سنجیدہ شخص تھے ان سے ہمارا دیر نہ تعلق تھا ان کی اور ان کے احباب کی کونسلنگ میرے ذریعہ ہی عمل میں آئی تھی خاکسار ہی مونگیر یونیورسٹی کی نمائندگی کر رہا تھا۔
مرحوم کا آبائی وطن چھپرہ ضلع کا انول گاؤں تھا۔ ان کی ابتدائی تعلیم وہیں ہوئی اور بعد ازاں اعلی تعلیم جامعہ ملیہ اسلامیہ, نئی دلی سے ہوئی جہاں سے انہوں نے ایم اے کی ڈگری حاصل کی ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بھی کشف فیض کیا تھا۔
شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر زین شمسی نے اظہار غم کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سراج الحق ایک نیک صفت اور خوش مزاج انسان تھے اور وہ تعلیم اور تعلم کے لیے وقف تھے۔
اس موقع پر دیگر شعبے کے اساتذہ سمیت طلباء اور طالبات بھی موجود تھے جن میں اتانو پال،محمد افضل، منیش کمار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
واضح رہے کہ مرحوم سراج الحق کے والد ماجد کا نام محمد سلیمان اور والدہ ماجدہ کا نام بی بی وفاتن ہے،مرحوم فی الحال سیوان میں مقیم تھے۔ پسماندگان میں شریک حیات سمیت دو صاحبزادے اور دو صاحبزادیاں ہیں۔ اللہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ،آمین!