उर्दू

اپنے علاقوں کو صاف رکھیں ، معاشرہ خوبصورت بنے گا ؛ محمد اقبال


آگرہ ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے آج خطبہ جمعہ میں نمازیوں سے شکایت کے انداز میں پوچھا ، کہ اللہ سبحانہ تعالی نے جس قوم کو دن میں پانچ مرتبہ وضو کے ذریعے خود کو پاکیز گی اختیار کرنے کی ترتیب بتائی اور نماز جیسی عبادت میں اپنے سامنے کھڑے ہونے کی توفیق سے نوازا ، اس قوم کی پہچان آج گندگی سے ہو رہی ہے ، آپ مسلم علاقوں کو جا کر دیکھیں ، ہر طرف گندگی ہی گندگی نظر آے گی ، اس کی کیا وجہ ہے ؟ اصل میں ہم نے مسجدوں کو آباد کرنا چھوڑ دیا ہے ، ہماری مسجدیں خالی ہیں اور ہمارے بازار پُر رونق ہیں ، مسلم علاقوں میں رات بھر خوب چہل بہل رہتی ہے ، کھانوں کے ہوٹل بھر ے پڑے ہیں ، جب اٹھنے کا وقت ہو رہا ہوتا ہے اس وقت جاکر ہمارے نوجوان سونے کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں ، پھر دوپہر کی خبر لاتے ہیں ، نمازوں سے کوئی مطلب نہیں ، کیا اللہ تعالیٰ نے صرف جمعہ فرض کیا ہے ، باقی نمازوں کی جواب دہی کس کی ہے ؟ جب تک ہماری مسجدیں نمازیوں سے نہیں بھریں گی ، اور صفائی ہماری پہچان نہیں ہوگی اس وقت تک اللہ کی مدد نہیں آے گی ، موجودہ حالات آپ کے سامنے ہیں ، یہ ہی سب ہوتا رہے گا ، اپنی پہچان تبدیل کریں ، صفائی کا خیال رکھیں ، اپنے علاقوں میں تحریک شروع کریں ، آپ خود پہل کریں ، اپنے بچوں کی تربیت کریں ان کو پاکی ، طہارت کی تعلیم دیں ، اپنے گھروں کو اپنے علاقوں کو صاف رکھیں اس سے خود آپ کا ماحول خوب صورت بنے گا ، کون اللہ کا بندہ ہے جو آج یہ فیصلہ کرے کہ میں اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کی پہل کرونگا ، اور یاد رکھیں ، اللہ سبحانہ تعالیٰ نے نماز جمعہ کے ساتھ دن میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں ، اپنی اپنی مسجدوں کو آباد کریں ، مسجدیں آباد ہونگی تو ہمارا وجود بھی باقی رہے گا ، اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا فرماے،