अन्य

حضرت امام ناصرالدین ابو یوسف کا 1113 واں دو روزہ سالانہ عرس 15 و 16 جنوری کو عقیدت و احترام کےساتھ منایا جائے گا: شکیل احمد

جالندھر  (مظہر): پنجاب وقف بورڈ کے زیر نگرانی درگاہ امام ناصر میں واقع حضرت امام ناصر الدین ابو یوسف چشتی جالندھری رحمتہ اللہ علیہ کا 1113 واں دو روزہ سالانہ عرس 15 و 16 جنوری 2025 کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔


اسکی جانکاری پنجاب وقف بورڈ جالندھر کے اسٹیٹ افسر شکیل احمد نے ہند سما چار سے بات چیت کے دوران دی۔
انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران زائرین کے لیے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں۔ عرس پر آنے والی خرچ پنجاب وقف بورڈ کی طرف سے کیا جائے گا۔
شکیل احمد نے کہا کہ اس موقع پر نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر ریاستوں سے آنے والے سینکڑوں عقیدت مند مزار اقدس پر چادر اور گلپوشی کرکے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ مزار پر فاتحہ کے بعد تبرک اور دو دن تک کھانے کا لنگر پنجاب وقف بورڈ کی جانب سے عام لوگوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اسٹیٹ افسر شکیل احمد نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عرس نہایت شان و شوکت سے منایا جائے گا۔ عرس کے دوران 15 جنوری کو نماز فجر کے بعد مزار اقدس پر لوگوں کی حاضری شروع ہو جائے گی۔ دوپہر کو مزار اقدس پر چادریں اور پھول چڑھائے جائیں گے۔ شام کو درگاہ شریف پر قرآن خوانی ودینی تقریر کا اہتمام کیا جائے گا۔ شام کو فاتحہ کے بعد تبرک تقسیم کیا جائے گا۔ سٹیٹ آفیسر شکیل احمد نے بتایا کہ 16 جنوری کو صوفی قوال نماز عشاء کے بعد دیر رات تک حضرت امام ناصر الدین کی شان میں قوالیاں پیش کریں گے۔ پنجاب وقف بورڈ کی جانب سے دوسرے دن بھی دیر رات تک لنگر جاری رہے گا۔