نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،نئی دہلی کے صدر دفترمیں آج 80ویں یوم آزادی کے موقعے پر آزادی کا جشن مناتے ہوئے پرچم کشائی کی گئی اور جوش وخروش کے ساتھ قومی ترانہ گایا گیا ۔ اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے کہا کہ آج کا دن ہم تمام ہندوستانیوں کے لیے نہایت اہم اور جشن کا دن ہے۔ آج ہندوستان اپنا 80 واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ یہ دن ایک طویل جدو جہد کا نتیجہ ہے جس میں ہندوستان کے تمام مذاہب و طبقات کے افراد کی قربانیاں شامل ہیں۔ ہندوستان نے آزادی کے بعد ایک لمبا سفر طے کرتے ہوئے علوم و فنون اور ترقی کی راہیں طے کی ہیں۔ یہ سفر مسلسل جاری ہے اور عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی کے ‘وکست بھارت@2047’ کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی طرف گامزن ہے۔ملک کی اس ترقی میں دیگر علوم و فنون کے ساتھ ہندوستانی زبانوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ جنگ آزادی میں اردو ادب و صحافت کی بے مثال خدمات کا ہر کوئی معترف ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس زبان کے ذریعے ہندوستان کی مشترکہ تہذیب کو فروغ دینے اور ملک کو آگے بڑھانے میں سرگرم عمل ہیں۔ پرچم کشائی کے اس موقعے پر کونسل میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ بچوں نے بھی نہایت جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور حب الوطنی کا ثبوت پیش کیا۔ اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹرز، ریسرچ افسران اور اراکین بھی موجودہ رہے۔
