نئی دہلی،: اس سال یوم آزادی کے موقع پر یہ مسرت آمیز خبر آئی کہ آل انڈیا ملّی کونسل جھارکھنڈ کے دو معزز اراکین جناب سید اقبال اور جناب محمد رافع کو راشٹر پتی میڈل سے نوازا گیا ہے. اس خبر سے کونسل کے تمام عہدے داران و اراکین کے درمیان خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس مناسبت سے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملّی کونسل کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری شیخ نظام الدین نے کہا کہ جناب سید اقبال اور جناب محمد رافع نے اپنے وطن اور انسانیت کی حفاظت کے لیے جو بہترین خدمات انجام دی ہیں، یقیناً یہ اعزاز اُن بہادرانہ خدمات کا ایک اعتراف ہے۔ اس اعزاز سے ہم لوگوں کو بہت مسرت حاصل ہوئی ہے۔ ساتھ ہی ملک و ملت کے لیے کچھ کرنے کے جذبے کو مزید جلا ملی ہے۔
شیخ نظام الدین نے مزید کہا کہ مسلمانوں نے ہر دور میں اپنے ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔اگرچہ ان خدمات کو دبانے کی بھی کوششیں ہوتی رہی ہیں، لیکن یہ خدمات اتنی روشن ہیں کہ کسی کے چھپانے سے چھپ نہیں پاتیں۔
جناب سید اقبال اور جناب محمد رافع کو ملنے والا راشٹرپتی میڈل بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ثابت ہوگا۔شیخ نظام الدین نے اعزاز حاصل کرنے والے دونوں اراکین کونسل کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ہم آل انڈیا ملی کونسل کے سکریٹریٹ کی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ یہ دونوں حضرات پوری صحت و سلامتی کے ساتھ ملک و ملت کی خدمات انجام دیتے رہیں۔
