نئی دہلی: ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پسماندہ مسلم اور دیگر محروم طبقات کے باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم اور مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے کے مقصد سے ’LEAD 100‘ پروگرام کا آغاز کردیا۔
پروگرام کے تحت پہلے پانچ برسوں میں ہر سال 20 طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ منتخب طلبہ کو دسویں جماعت کے بعد نئی دہلی میں گیارہویں اور بارہویں کی رہائشی تعلیم کے ساتھ مالی معاونت، رہنمائی اور کیریئر کاؤنسلنگ فراہم کی جائے گی، جبکہ ان کی انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی تک تعلیم میں بھی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
طلبہ کا انتخاب داخلہ امتحان، انٹرویو اور دو روزہ رہائشی کیمپ کے ذریعے ہوگا۔ پروگرام میں قیادت سازی، کردار، تنقیدی فکر اور سماجی ذمہ داری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
LEAD 100 کے تحت طلبہ کو پبلک پالیسی، قانون، کارپوریٹ مینجمنٹ، سوشل انٹرپرائز، ٹیکنالوجی اور سول سروسز جیسے شعبوں میں مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کیا جائے گا۔
پروگرام کا افتتاح HWF کے چیئرمین سراج حسین (ریٹائرڈ IAS)، جماعت اسلامی ہند کے امیر سعادت اللہ حسینی، وژن 2026 کے چیئرمین ٹی۔ عارف علی اور HWF کے دیگر عہدیداران و ٹرسٹیز نے کیا۔
جاری کردہ
میڈیا ڈپارٹمنٹ، وژن 2026 نئی دہلی
