فتح پور سیکری: حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمتہ اللہ علیہ (دہلی) کے 723ویں عرس مبارک کے موقع پر فتح پور سیکری میں واقع حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کی درگاہ شریف میں کل شریف کی روحانی و عقیدت مندانہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور ملک میں امن و امان، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
صبح تقریباً 10 بجے پیرزادہ سیف میاں چشتی نے عقیدت مندوں کے ہمراہ درگاہ شریف پر چادرپوشی اور گل پوشی کی۔ اس کے بعد فاتحہ خوانی، شجرہ خوانی اور تلاوتِ قرآن پاک کی گئی۔ رسم کی تکمیل کے بعد عقیدت مندوں میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر شاہی قوالوں نے حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کی شان میں سلام اور صوفیانہ کلام پیش کیا، جسے سن کر عقیدت مند جھوم اٹھے اور روحانی کیفیت سے سرشار ہوگئے۔
حضرت خواجہ سید محمد نظام الدین اولیاءؒ، المعروف محبوبِ الٰہی کا سالانہ عرس مبارک ہر سال اسلامی تقویم کے چوتھے مہینے ربیع الآخر کی 17، 18 اور 19 تاریخ کو دہلی میں واقع ان کی درگاہ شریف میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ عرس کے موقع پر ملک و بیرون ملک سے آنے والے معروف قوال صوفیانہ کلام پیش کرتے ہیں، جبکہ ملک میں امن و امان اور باہمی بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جاتی ہیں۔
اسی روحانی اور عقیدت مندانہ روایت کے تحت فتح پور سیکری کی درگاہ شریف میں بھی ہر سال کل شریف کی رسم ادا کی جاتی ہے۔
اس موقع پر حافظ عالم رضا، انوار قریشی، بدرالدین قریشی، عاقب حسین، چاند بھائی، عبدالقادر، محمد رفیق، شانو، فہیم بھائی، مستقیم اور بابا سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود رہے۔
