مولانا حلیم اللہ قاسمی کی عوام سے اپیل، کمیشن کو اعتراضات اور تجاویز 25 دسمبر سے پہلے ارسال کریں
ممبئی، 14 نومبر: مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے متعلق حکومتی سرگرمیوں کے درمیان جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے عوامی بیداری مہم تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں عوام کو قانونی اور آئینی پہلوؤں سے واقف کرانے اور ان کی رائے کمیشن تک پہنچانے کے لیے 25 ہزار پمفلٹ اور بینر تیار کیے گئے ہیں۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر حکومت نے سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی قیادت میں سات رکنی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو یکساں سول کوڈ کے حوالے سے عوامی تجاویز اور اعتراضات طلب کر رہی ہے۔ اس کے لیے پہلے 15 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، جسے بڑھا کر 25 دسمبر 2026 کردیا گیا ہے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت کے فیصلے کے بعد ہی جمعیۃ علماء نے عوامی رائے ہموار کرنے اور ضرورت پڑنے پر قانونی چارہ جوئی کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا شروع کردیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں یکساں سول کوڈ نافذ کیا گیا ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر اس قانون کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جہاں عدالت نے مقدمے کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ان کے مطابق گجرات اور مدھیہ پردیش میں بھی یکساں سول کوڈ سے متعلق قانون منظور ہوچکا ہے، تاہم وہاں ابھی اس کا نفاذ نہیں ہوا ہے۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر ریاست بھر میں عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دنوں ممبئی میں جمعیۃ علماء کی مختلف یونٹوں کے ذمہ داران کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے وکلاء اور علماء کرام کے مشوروں سے کمیشن کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات تیار کیے گئے ہیں۔ ان جوابات کو موبائل فون کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے براہ راست کمیشن تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت کیو آر کوڈ والے پمفلٹ اور بینر تیار کیے گئے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ سہولت پہنچ سکے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے تیار کردہ کیو آر کوڈ کو اسکین کریں اور اپنے اعتراضات و تجاویز جلد از جلد کمیشن کو ارسال کریں۔
انہوں نے خصوصی طور پر وضاحت کی کہ ایک ہی موبائل فون کے ذریعے خاندان کے تمام بالغ افراد کی جانب سے الگ الگ جوابات داخل کیے جاسکتے ہیں۔ اس لیے گھر کے تمام بالغ افراد کی شرکت یقینی بنانے کی کوشش کی جائے۔
آخر میں مولانا قاسمی نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یکساں سول کوڈ دستورِ ہند میں دیے گئے مذہبی حقوق کے منافی ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی مشرقی تہذیب اور روایات کی روح کے بھی خلاف ہے۔
ٹائمز آف تاج ڈسکلیمر: اس خبر میں پیش کردہ مؤقف متعلقہ بیان دینے والے افراد اور تنظیموں سے منسوب ہیں۔ قارئین معاملے کے تمام پہلوؤں سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے مستند ذرائع سے بھی رجوع کریں۔
