مسجد نہر والی میں خطبہ جمعہ کے دوران سماجی بے حسی، تنہائی، صلہ رحمی اور انسانی ہمدردی پر فکر انگیز خطاب؛ بزرگوں، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی خبر گیری کرنے کی اپیل
آگرہ۔ مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے خطبہ جمعہ کے دوران الجزیرہ کی ایک دل خراش رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے معاشرے میں بڑھتی ہوئی سماجی بے حسی، تنہائی اور ایک دوسرے سے دور ہوتے انسانی رشتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں دوسروں کی فکر ختم ہو جاتی ہے، اللہ تعالیٰ اس قوم سے اپنی مدد بھی اٹھا لیتا ہے، کیونکہ اللہ کی مدد انہی لوگوں کو حاصل ہوتی ہے جو اللہ کے بندوں کی مدد کرتے ہیں۔
خطیب محمد اقبال نے اپنے خطاب میں بتایا کہ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 72 سالہ خاتون ڈاکٹر اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ وہ اپنے شوہر کے انتقال کے بعد تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔ فلیٹ کا کرایہ نہ ملنے پر جب مالک مکان وہاں پہنچا اور فلیٹ کھول کر دیکھا تو اندر کا منظر دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ خاتون کو انتقال کیے ہوئے تقریباً تین سال گزر چکے تھے اور ان کی لاش صرف ایک ڈھانچے کی صورت میں موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صرف ایک خاتون کی موت کا واقعہ نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کے لیے ایک بڑا سوال اور لمحۂ فکریہ ہے۔ آج کے تیز رفتار دور نے انسانوں کے درمیان باہمی رابطوں کو ختم کر دیا ہے۔ ہر شخص اپنی زندگی، اپنے کام اور اپنی مصروفیات میں اس قدر مگن ہے کہ اسے دوسروں کی خبر لینے کی فرصت ہی نہیں۔ کسی کو یہ فکر نہیں کہ اس کا کوئی رشتہ دار، دوست، پڑوسی یا جاننے والا کس حال میں زندگی گزار رہا ہے۔ لوگ اپنے قریبی عزیزوں اور احباب کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بھی وقت نہیں نکال پاتے۔
انہوں نے سوال کیا کہ پہلے بھی ایک دن میں 24 گھنٹے ہی ہوتے تھے اور آج بھی 24 گھنٹے ہیں، پھر آخر آج ہمارے پاس وقت کی کمی کیوں ہوگئی؟ ہمیں اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ ہماری ترجیحات کیا ہیں اور ہم اپنے سماجی و اخلاقی فرائض سے کس قدر دور ہوتے جا رہے ہیں۔
خطیب محمد اقبال نے کہا کہ یاد رکھیں، جس قوم میں دوسروں کی فکر ختم ہو جائے، اللہ تعالیٰ اس قوم سے اپنی مدد اٹھا لیتا ہے، کیونکہ اللہ کی مدد اسی کو ملتی ہے جو اللہ کے بندوں کی مدد کرتا ہے۔ افسوس کہ آج ہم سب اپنی ذات اور اپنے معاملات میں مصروف ہیں، دوسروں کے لیے ہمارے پاس وقت ہی نہیں بچا۔ یہاں تک کہ ہم نے دعا جیسی عظیم عبادت کو بھی خود غرضی تک محدود کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب لوگ دعا کرتے تھے کہ اے اللہ! سب کی پریشانیاں دور فرما، سب کے بچوں کو کامیابی عطا فرما اور سب کے گھروں کو آباد رکھ۔ لیکن آج ہماری دعاؤں اور ہماری سوچ میں بھی تبدیلی آتی جا رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب اپنا جائزہ لیں اور خود سے سوال کریں کہ ہم اخلاقی، سماجی اور دینی اعتبار سے کہاں کھڑے ہیں؟
انہوں نے معاشرے کی موجودہ صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنازے میں تو ایک دوسرے کے ساتھ چلتے ہیں، لیکن زندگی میں ایک دوسرے کا ساتھ نہیں دیتے۔ مسجد میں ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں، مگر ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت کے بجائے مخالفت اور دوریاں پیدا ہو چکی ہیں۔ یہ رویہ ہماری دینی اور معاشرتی تعلیمات کے منافی ہے۔
خطیب محمد اقبال نے قرآن کریم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے سورۂ حشر کی آیت نمبر 9 کا مفہوم بیان کیا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کی تعریف فرماتا ہے جو دوسروں کو خود پر ترجیح دیتے ہیں، خواہ وہ خود محتاج ہی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہی ایثار، قربانی اور انسانیت کا وہ جذبہ ہے جسے ہمیں اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے خاص طور پر ان افراد کی خبر گیری کرنے کی اپیل کی جو تنہا زندگی گزار رہے ہیں، جن کے بچے یا قریبی رشتہ دار ان کے ساتھ نہیں رہتے یا جو کسی وجہ سے معاشرے سے کٹ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اردگرد رہنے والے بزرگوں، بیماروں، ضرورت مندوں اور تنہا افراد کا حال ضرور دریافت کرنا چاہیے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمیں بھی کسی تنہا انسان کی موت کی خبر اس وقت ملے جب وہ واقعہ کسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ بن چکا ہو۔
انہوں نے اللہ کے بندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کم از کم ایک فون کسی اپنے کو ضرور کر لیا کریں، کبھی وقت نکال کر ملاقات کر لیا کریں، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں، پڑوسیوں کا حال پوچھیں اور جو لوگ کسی وجہ سے ناراض ہیں، ان سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دوسروں سے بے خبری اور لاتعلقی انسان کو گناہ کی طرف لے جاتی ہے، اس لیے اس رویے سے بچنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دل میں دوسروں کی فکر اور احساس باقی نہیں رہتا، اس دل میں ایمان کی کیفیت بھی کمزور ہونے لگتی ہے۔ قرآن کریم ہمیں والدین، رشتہ داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ سورۂ بقرہ کی آیت نمبر 83 میں بھی والدین، رشتہ داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔
خطیب محمد اقبال نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ تعلقات کو توڑنا اور رشتوں سے بے پروا ہو جانا اللہ تعالیٰ کے احکامات سے دوری کا سبب ہے۔ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے محبت، ہمدردی، ایثار، صلہ رحمی اور انسانیت کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ معاشرے کی اصل خوبصورتی اسی وقت قائم رہ سکتی ہے جب ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تبارک وتعالیٰ ہم سب کو صحیح سمجھ، نیک عمل اور دوسروں کے حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت اور ہمدردی پیدا کرے اور ہمیں صلہ رحمی کرنے والا بنائے۔
آمین یا رب العالمین۔
