رپورٹ ۔ ایس منیر
علی گڑھ۔ البرکات انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز میں ہفتہ کے روز ’’ایوالو ۲.۰ اے ایچ آر سمٹ ۲۰۲۶‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں موافقت ہی کامیابی ہے، کے موضوع پر منعقدہ اس سمٹ کا مقصد طلبہ کو کارپوریٹ دنیا کے بدلتے تقاضوں، روزگار کے نئے امکانات اور پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی کے لیے ضروری مہارتوں سے واقف کرانا تھا۔ پروگرام میں مختلف معروف کمپنیوں سے وابستہ ماہرین انسانی وسائل اور کارپوریٹ شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی اور طلبہ کے ساتھ اپنے عملی تجربات، پیشہ ورانہ معلومات اور کامیابی کے اہم پہلوؤں پر گفتگو کی۔
ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں صرف تعلیمی قابلیت کافی نہیں، بلکہ طلبہ کے اندر عملی مہارت، مسائل کو سمجھنے اور ان کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔پروگرام کے دوران وپرو سے وابستہ اویس نے طلبہ کو ڈیٹا اینالیسس سیکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس مہارت کو موجودہ دور میں پیشہ ورانہ ترقی اور بہتر روزگار کے حصول کے لیے اہم قرار دیا۔ مارک امپیکس کے جہاں زیب نے کہا کہ کمپنیاں امیدواروں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیتے وقت اس بات پر بھی توجہ دیتی ہیں کہ وہ کسی مسئلے کے حل کو کتنے مؤثر اور بہتر انداز میں پیش کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق مسائل کا حل تلاش کرنے کے ساتھ اسے واضح انداز میں بیان کرنا بھی ایک اہم پیشہ ورانہ خوبی ہے۔ لنک لاکس کے نسیم احمد نے طلبہ کو ای آر پی کے کام کرنے کے طریقہ کار سے واقف کرایا اور اس نظام کی اہمیت سمجھائی۔آئی سی آئی سی آئی بینک سے آئے روی کانت نے بینکنگ کے شعبے میں روزگار کے مختلف مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس شعبے میں کون کون سے شعبے ملازمت کے امکانات فراہم کرتے ہیں اور ان میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے امید واروں میں کن صلاحیتوں، تعلیمی قابلیت اور تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ انجینئرنگ اینڈ انوائرمنٹ سولیوشنز کے سید ذکی اللہ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل بہتری لاتے رہیں اور نئی چیزیں سیکھنے کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔ انہوں نے بدلتے وقت کے ساتھ خود کو بہتر بنانے اور نئی مہارتیں حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اسی طرح جزا فنانس کے محمد ارحم نے مالیاتی شعبے میں ملازمت کے حصول کے لیے درکار مختلف مہارتوں اور ضروری صلاحیتوں کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں،سمٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ رہی کہ تمام ماہرین نے طلبہ سے انفرادی طور پر بھی گفتگو کی۔
اس دوران طلبہ کو اپنے تعلیمی پس منظر، پیشہ ورانہ دلچسپی اور مستقبل کے کیریئر سے متعلق سوالات کرنے کا موقع ملا۔ ماہرین نے ان کے سوالات کے جواب دیے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر شعبے کا انتخاب کرنے اور ملازمت کے لیے خود کو تیار کرنے کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کی۔ اس سیشن میں طلبہ نے خاصی دلچسپی دکھائی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اختر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے ذریعے طلبہ کو کتابی علم کے ساتھ عملی اور صنعتی تجربات حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے، جو مستقبل میں ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے درمیان رابطہ طلبہ کو روزگار کی حقیقی ضروریات سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں تربیت و تقرری افسر احمد ندیم اور تمام اساتذہ نے اہم تعاون پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت علینہ مختار، انعم حسین، فاطمہ انصار اور سحر ظفر نے انجام دی۔ اس موقع پر کریڈنس ایل ایل سی اور علی گڑھ کوچنگ سینٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے پروگرام کو اشتراکی تعاون فراہم کیا گیا۔ سمٹ کے ذریعے طلبہ کو مختلف صنعتی شعبوں کے ماہرین سے براہ راست رابطے اور روزگار کے بدلتے تقاضوں کو سمجھنے کا موقع ملا۔
