بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدر جناب ایس۔ ایم۔ اکرم نے محرم الحرام کے مقدس موقع کے پیشِ نظر دہلی کے معزز لیفٹیننٹ گورنر کو ایک مکتوب ارسال کرتے ہوئے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے دوران ضروری عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ محرم کے دوران متعلقہ علاقوں میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی، بہتر صفائی ستھرائی کے انتظامات، ٹریفک کی مؤثر نگرانی، طبی سہولیات اور ہنگامی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ نیز جن مقامات پر جلوس اور مذہبی پروگرام منعقد ہوتے ہیں وہاں سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔
جناب ایس۔ ایم۔ اکرم نے کہا کہ محرم الحرام عقیدت، نظم و ضبط اور سماجی ہم آہنگی کا اہم موقع ہے، اور یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ عزاداروں اور عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ تمام ضروری اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ محرم الحرام کے مراسم اور پروگرام امن، بھائی چارے، سہولت اور مذہبی تقدس کے مکمل احترام کے ساتھ منعقد ہوں۔

