سرینگر ( کے پی ایس ) نیشنل بک ٹرسٹ،انڈیا، قومی اردو کونسل اور ضلع انتظامیہ، سرینگر کے باہمی اشتراک سے 18 جولائی 2026 تا 26 جولائی 2026 ایس کے آئی سی سی، سرینگر میں منعقد ہونے والے چنار بک فیسٹیول کے تعلق سے آج صبح گیارہ بجے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،
اس پریس کانفرنس میں این بی ٹی کے ڈائریکٹر یووراج ملک، قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال، ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو اور چنار بک فیسٹیول کے چیف کنوینر ڈاکٹر امت وانچو نے صحافیوں سے بات چیت کی اور چنار بک فیسٹیول 2026 کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔ کشمیر پریس سروس تفصیلات کے مطابق این بی ٹی کے ڈائرکٹر جناب یووراج ملک نے صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چنار بک فیسٹیول اب ایک سالانہ کیلنڈر ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، جو مطالعے کے فروغ، ادبی مکالمے اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں مختلف زبانوں کی کتابیں نمائش کے لیے رکھی جائیں گی، جبکہ متعدد ادبی، ثقافتی اور فکری پروگرام بھی منعقد ہوں گے۔
قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے بتایا کہ چنار بک فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن میں ہندوستان کے مختلف علاقوں کے اردو پبلشر شریک ہو رہے ہیں۔ اسی طرح اس سال کتاب میلے کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آپ نے بتایا کہ ایک شاندار مشاعرہ، شام صوفیانہ اور مظفر علی جیسی اہم شخصیات سے مذاکرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے شکارا ریلی کو جھنڈی دکھاء اور کہا کہ 18 سے 26 جولائی تک جاری رہنے والا یہ فیسٹیول عوام کے لیے مکمل طور پر مفت ہوگا اور اس میں داخلے کے لیے کسی ٹکٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
چنار بک فیسٹیول کے چیف کنوینر ڈاکٹر امت وانچو نے بھی صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسٹیول کی مختلف ادبی و ثقافتی تقاریب میں کالج و یونیورسٹی کے بچے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چنار بک فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن میں ملک بھر سے تقریباً 200 ناشرین، 250 سے زائد بک اسٹالز اور 800 سے زیادہ ادیب، شاعر، فنکار، دانشور اور مفکرین شرکت کر رہے ہیں۔

