حیدرآباد، (ٹائمز آف تاج):
انتہائی افسوس اور رنج کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ حضرت شاہ محمد قاسم صاحب قبلہ ابوالعلائی آج بروز پیر دوپہر ایصالِ حق فرما گئے۔ آپ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
حضرت قاسم صاحب قبلہ ایک جلیل القدر بزرگ، صاحبِ نسبت صوفی اور دین و ملت کے مخلص خادم تھے۔ آپ کا تعلق حیدرآباد کے ایک معزز و معروف خانوادے سے تھا۔ آپ صدرِ مجلس، رکنِ پارلیمنٹ جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی، فلور لیڈر جناب اکبر الدین اویسی اور روزنامہ اعتماد اردو کے چیف ایڈیٹر جناب برہان الدین اویسی کے سگے ماموں زاد بھائی تھے۔
حضرت کے انتقال کی خبر سے نہ صرف اویسی خاندان بلکہ پورے حیدرآباد اور اطراف کے اہلِ سنت و جماعت کے حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف خانقاہوں، درگاہوں اور مساجد میں ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، نمازِ جنازہ منگل کے روز ادا کی جائے گی، جس میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
حضرت شاہ محمد قاسم صاحب قبلہ کی پوری زندگی دینِ اسلام کی خدمت، محبت، امن و اخوت کے پیغام اور اخلاقِ حسنہ کی تبلیغ میں گزری۔ ان کی تعلیمات ہمیشہ امت کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ و متعلقین کو صبرِ جمیل دے۔
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ

