ڈاکٹر محمد شاہد صدیقی (علیگ)
آج ملک میں جس طرح ہیٹ اسپیچ کا سیلاب آیا ہوا ہے اس سے محسوس ہوتا کہ عنقریب کہیں انتخاب ہونے والے ہیی ۔ حال ہی میں اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے محنت و روزگاررگھوراج سنگھ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ’دہشت گردوں کا مراکز‘ قرار دیا اور مزید برآں یہ بھی کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ان دونوں تعلیمی اداروں کو بند کر دیں گے۔ اس بیان کو اسی ضمن میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ اے ۔ایم ۔یو ۔علی گڑھ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ملک کی تحریک آزادی اور تعمیر و تشکیل میں جو کردار ادا کیا اس سے شاید موصوف واقف نہیں ہیی ورنہ ایسا بیان دینے سے پہلے سو مرتبہ سوچتے ۔بہرکیف ان کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایسے رہنماﺅں کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے۔
بقول راحت اندوری
سبھی کا خون ہے شامل یہاں کی مِٹّی میں
کِسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے
ا نیسویں صدی کی سر سید احمد خاں جیسی نابغہءروزگار شخصیت نے 1875 میں علی گڑھ میں ’محمڈ ن اینگلو اورینٹل کالج ‘کی بنیاد رکھی،لیکن وقت گزرنے کے ساتھ کالج کے طلباءبرطانوی نظام کی ہندوستانیوں کے تئیں دورخی برتاﺅ، استحصال اور جبر واستبداد دیکھ کر اتنے بے قرار ہوگئے کہ انہوں نے انگریزی غلامی کا جوا اتارنے کا مصمم عزم کرلیا۔
1906ءمیں کالج کے انقلابی طلباءنے سرسیدؒکے مزار پرحاضرہوکرحلف لیا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک کو آزاد نہ کرالیں۔ان طلباء میں سید محمود، عبدالرحمن بجنوری اورتصدق احمد شر وانی سرفہرست تھے، الغرض وقار الملک کی قیادت میں علی گڑھ سے وابستہ افراد نے جنگ آزادی میں من دھن سے حصّہ لینا شروع کردیااور اپنی سرگرمیوں سے برطانوی ایوانوں میں لغزش پیدا کردی۔تاہم اس کا مثبت انجام جامعہ کے قیام کی شکل میں ظہور پذیر ہوا۔
جہاں ایم۔ اے۔ او۔ کالج 9/ستمبر 1920ءمیں پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت یونیورسٹی بنا تو وہیں چند ہفتوں بعد29/ اکتوبر 1920 ءکو ’تحریکِ عدم تعاون‘ کے پس منظر میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا قیام عمل میں آیا۔یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ اے ایم یو اور جامعہ کے وجود میں آنے کی وجوہات یکساں نہیں تھیں، کیونکہ ’محمڈن اینگلو اورینٹل کالج ‘کا نقطہءنظر ملک کے ایک فرقے سے زندگی کے شعبہ ہائے زندگی میں پیچھے رہ جانے والے طبقے کو برابر لاکر ملک وقوم کی خدمت میں شریک کرنا تھاتو جامعہ کا مقصدبرطانوی فنڈ پر منحصر ایم۔اے۔او۔ کالج کے ان طلباءکے لیے انگریزی تسلط سے پاک ایک تعلیمی ادارہ قائم کرنا تھا جنہوں نے گاندھی جی اور علی برداران کی ایما پر کالج کو خیر باد کہہ دیا تھا ۔ ویسے دلچسپ بات ہے کہ مہاتما گاندھی، حکیم اجمل خاں، مولانا آزاد اور ڈاکٹر مختار احمد انصار ی کے ساتھ پس پردہ اس کے بیشتر بانیوں کا تعلق سرسید کی درس گاہ سے ہی تھا۔
تاہم ان اداروں کے طلباء ،اسا تذہ اور فا رغ التحصیل طلبہ اور نے جدید تعلیم کے فروغ کے علاوہ جذبہ ¿ حب الوطنی، قومی اتحاد، سودیشی مہم اورجدوجہد آزادی میں ایسی بے لوث قربانیاں اور جانفشانیاں پیش کیں ہیں ۔ جن کو دیکھنے کے لیے کسی محدّب آئینہ کی ضرور ت نہیں بلکہ وہ منصّہ شہود پر درج ہیں۔اب اگر کوئی بینائی رکھتے ہوئے نابینا بننے کا ڈھونگ کریں تو اس کا کوئی علاج نہیں ۔
جب ہم تحریک آزادی کی مہم سے منسلک صفحات پلٹتے ہیں توہمیں علم ہوتا ہے کہ سرسید کے رفیق رئیس دتاﺅلی مو سیٰ خان شر وانی نے کانگریس کے بینر تلے خلافت تا عدم تعاون تحریک میں فعال حصّہ لیا۔راجہ مہندر پرتاپ نے مولانا برکت اللہ بھوپالی ،مولانا عبید اللہ سندھی اور دیگر انقلابیوں کے ساتھ مل کر کابل( افغانستان) میں یکم دسمبر 1915ءمیں قائم پہلی جلاوطن عبوری حکومت کی صدارت سنبھالی ۔کرشن جی کے معتقد مو لا نا حسرت موہانی نے کامل آزادی اور انقلاب زندہ باد کا نعرہ بلند کرکے انگریزی حکام کا سانس لینا بھی دوبھر کردیا تھا ،جس کی پاداش میں متعدد بار جیل گئے۔علی برادران مع خاندان نے ملک وقوم کے لیے اپنی تمام زندگی وقف کردی تھی جو آخری سانس تک برطانوی ذی اختیار سے نبرد آزما رہے ۔ کانگریس کے صفحہ اول رہنماﺅں میں شامل رفیع احمد قدوائی نے مادر ہند کی خاطر اپنی زندگی کے دس سال قید فرنگ میں گزارے ۔ جلیانوالہ باغ کے ہیرو ڈاکٹر سیف الدین کچلونے رولٹ ایکٹ کے خلاف ایسا احتجاج کیا کہ انگریزوں کو دن میں تارے نظر آنے لگے۔خطہءہند میں عدم تشد د کا درس دینے کی فوقیت رکھنے والے خدائی خدمت گار کے بانی سرحد ی گاندھی نے صوبہ سرحد کے پٹھانوں کو برطانوی استعمار کے خلاف متحرک کرکے انگریزوں کے پسینے چھڑاد یے۔پنجاب میں مولانا ظفر علی خاں
نے زمیندار اخبار کے ذریعہ استخلاص مہم کو پروان چڑھایا کشمیرمیں مسلم کانفرنس کو نیشنل کانفرنس میں تبدیل کرکے شیخ محمد عبداللہ نے ریاست کے دیگر طبقوں کو اپنے ساتھ ملاکر جناح کے منصو بہ کو ناکام کیا۔ اندرون اور بیرون محاذوں پر ڈھاکہ کے خوبرو نوجوان صحافی سید حسین اور آزاد ہند فوج کے کیپٹن عباس علی خاں نے آزادی کی جوت جلائی۔بہارمیں ڈاکٹر سید محمود،عبدالقیوم انصاری اور عبدالغفورنے خلافت ،عدم تعاون، سول نافرمانی اور بھارت چھوڑو جیسی تحاریک میں بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ مولانا سیٹھ یعقوب حسن،محمد عبدالرحمن صاحب اور سید شاہ قادر بیابانی نے جنوبی ہند میں آزادی کی مشعل کو توانائی بخشی۔ ڈاکٹر زین الدین العابدین، کنور ڈاکٹر محمد اشرف اور شوکت عثمانی نے کمیونسٹ پارٹی کے زیر اہمتام اپنی مہم رواں رکھی۔ مہا تماگاند ھی ا ور پنڈت نہرو کے قریبی ساتھی تصدق احمد شر وانی، ڈاکٹر ذاکر حسین ، عبدالمجید خواجہ اور ڈاکٹر خواجہ عبد الحمید (سپلا کے بانی) وغیرہ ملک کی قومی تحریکوں میں شامل رہے ۔انقلابی شعراءجوش ملیح آبادی، اسرار الحق مجاز ، سردار جعفری اور بیگم نشاط النسائ، ڈاکٹر رشید جہاں، عصمت چغتائی، بیگم خورشید خواجہ اور نذر سجاد حیدر جیسی صحافی اور ادبا ءنے اپنے زور قلم کے ذریعہ انگریز ی افسران کا گلا خشک کر دیا تھا۔ مذکورہ مجاہدین کے علاوہ طفیل احمد منگلوری، سید محمد احمد کاظمی ،عبدالماجد دریابادی، حافظ محمد ابراہیم،قاضی جلیل عباسی، قاضی عدیل عباسی،عبدالعزیز انصاری،انصار ہروانی، ،فرید الحق انصاری ، محمد حبیب اور شفیق الرحمن قدوائی وغیرہ نے بھی مال وزر ، رتبوں اور عہدوں سے بے نیاز ہوکر ملک کی آزادی کے لیے ایسی خدمات پیش کیں جو تاریخ ہند کے سینے میں محفوظ ہوگئیں لہٰذا اے۔ایم ۔یو اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی آڑ لے کر مسلمانوں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے ایسی کج نظر اور تنگ دل اشخصیات کو تاریخ ہند کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ورنہ دنیا میں جگ ہنسائی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔
