رپورٹ۔ ایس منیر
موجودہ دور میں جب مادہ پرستی، اخلاقی انحطاط، منشیات کے بڑھتے رجحان اور سوشل میڈیا کے منفی اثرات نے نئی نسل کے فکری و اخلاقی مستقبل کو سنگین چیلنجز سے دوچار کر رکھا ہے، ایسے میں دینی تعلیمات، عقیدہ آخرت اور سیرت النبی کی روشنی میں معاشرے کی اصلاح کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسی مقصد کے تحت جمالپور عیدگاہ کے سامنے واقع کلکتہ مارکیٹ روڈ پر ۱۴ویں سالانہ آل انڈیا تعلیم اسلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تشریف لائے علما و مشائخ نے اپنے خطابات کے ذریعے ایمان کی حفاظت، دینی شعور کی بیداری، نوجوانوں کو منشیات سے بچانے اور معاشرے میں اخلاقی و سماجی اصلاح کا پیغام دیا۔ کانفرنس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ نئی نسل کی فکری و عملی تربیت کے لیے اسلامی تعلیمات سے وابستگی اور دینی اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔
کانفرنس کی سرپرستی سجادہ نشین آستانہ عالیہ قادریہ برکاتیہ، مارہرہ پروفیسر الحاج الشاہ سید محمد امین میاں قادری برکاتی نے کی، صدارت کے فرائض علامہ مولانا شاہ سید محمد امان میاں قادری برکاتی مصباحی نے انجام دیے۔ پروگرام کی مشترکہ نظامت مولانا ناظم رضا عثمانی (بریلی شریف) اور عارف رضا گوہر (علی گڑھ) نے انجام دی۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری جاوید برکاتی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد معروف نعت خواں مستقیم رضا بدایونی، مہکش رامپوری، سید فرقان علی قادری اور عبدالمطلب وغیرہ نے بارگاہ رسالت میں نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین سے داد و تحسین حاصل کی۔
نیپال سے تشریف لائے مفتی عبدالمصطفی مصباحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ آخرت وہ بنیادی اساس ہے جس کی دعوت حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر آخری نبی تک تمام انبیائے کرام نے دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلنے والی برائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایمان کی حفاظت کے لیے چار بنیادی امور پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ ان میں بچوں کو اسلام کے بنیادی احکام اور ایمان مجمل و مفصل کی تعلیم دینا، نماز کی پابندی، قرآن پاک سے مضبوط تعلق قائم رکھنا اور کثرت سے درود و استغفار پڑھنا شامل ہے۔
سنبھل (مراد آباد) سے تشریف لائے مولانا توصیف رضا مصباحی نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم کی بنیادی وجوہات میں نشے کو اہم سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شراب اور دیگر منشیات کو آج کل نئے نئے ناموں سے نوجوانوں میں رواج دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف حرام ہیں بلکہ انسانی صحت اور آنے والی نسلوں کی تباہی کا سبب بھی بن رہی ہیں۔ انہوں نے طلبہ اور عوام سے سگریٹ اور گٹکا جیسی مضر صحت اشیا سے دور رہنے، زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور رزق حلال کمانے کی تلقین کی
ہریانہ سے تشریف لائے مفتی اسحاق اشفاقی نے قرآن و حدیث کی روشنی میں دین کی اہمیت اور کوہ فاران کے تاریخی واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم کو صادق و امین کا لقب خود کفار و مشرکین نے دیا تھا۔ فقہی اصولوں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بنیادی طور پر ہر چیز مباح اور جائز ہے، سوائے ان چیزوں کے جنہیں قرآن و حدیث میں حرام یا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
سرپرست اجلاس حضور امین ملت نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ سیرت النبی اور میلاد النبی کے موضوعات پر اس طرح کے بامقصد اجلاس مسلسل منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔ انہوں نے کانفرنس کے کنوینر عزیزم اظہر نور اعظمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی گزشتہ ۱۴ ؍برس سے جاری دینی و تبلیغی خدمات کو سراہا اور ان کے حوصلوں کی بلندی کے لیے دعا فرمائی۔اجلاس کے اختتام پر صلوۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ملک میں امن و امان، ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے ساتھ ہی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر علی گڑھ اور قرب و جوار کی مساجد کے ائمہ، مدارس کے اساتذہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ اور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے عوام کی بڑی تعداد موجود رہے۔
