مساجد کے ذریعے بیداری مہم چلائی جائے گی، عوامی مقامات پر لگیں گے آگاہی بینرز، مساجد کے باہر ہیلپ ڈیسک قائم کرکے QR کوڈ کے ذریعے رائے درج کرانے میں کی جائے گی مدد
ممبئی، : جمعیۃ علماء گوونڈی کے ارکانِ منتظمہ کی ایک اہم میٹنگ گزشتہ روز مسجد مصباح العلوم، روڈ نمبر 8، شیواجی نگر، گوونڈی میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت جمعیۃ علماء گوونڈی کے صدر حافظ شمس الحق نے کی، جس میں ارکانِ منتظمہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میٹنگ کا آغاز قاری یوسف کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ مولانا محمد اسید قاسمی نے نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
میٹنگ میں جنرل سیکریٹری مولانا صدر عالم قاسمی نے یکساں سول کوڈ (UCC) کے سلسلے میں مرکزی ہدایات اور موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے یکساں سول کوڈ کے تعلق سے عوام سے آراء طلب کی گئی ہیں، جس کے لیے آخری تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے 9 نومبر کو ایک خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کیا گیا تھا۔ عوام کی زیادہ سے زیادہ آراء حکومت تک پہنچانے کے مقصد سے جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے ایک QR کوڈ جاری کیا ہے، جسے اسکین کرکے جی میل کے ذریعے براہِ راست اپنی رائے درج کرائی جاسکتی ہے۔
مولانا ولی اللہ صاحب نے میٹنگ میں موجود افراد کو QR کوڈ اسکین کرنے اور اپنی رائے درج کرانے کا طریقۂ کار تفصیل سے سمجھایا۔
عوامی بیداری کے لیے اہم فیصلے
یکساں سول کوڈ کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور رائے دہی کی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے میٹنگ میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے:
- مساجد کے ذریعے عوام سے اپیل کی جائے گی کہ وہ اپنی رائے درج کرائیں۔
- عوامی مقامات اور مساجد کے باہر بیداری سے متعلق بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔
- مساجد کے باہر ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جہاں تربیت یافتہ رضاکار عوام کے موبائل فون سے QR کوڈ اسکین کروا کر رائے درج کرانے میں رہنمائی کریں گے۔
میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام تک اس مہم کی معلومات پہنچائی جائیں، تاکہ وہ مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی رائے درج کراسکیں۔
آخر میں رقت انگیز دعا کے ساتھ میٹنگ کا اختتام ہوا۔
