اور ٹی وی اردو میں سعودی عرب کے معروف صحافی محمد عاقل کی سینئر صحافی و کالم نگار شاہد زبیری سے خصوصی گفتگو
سیار نور ,اور ٹی وی اردو پر سعودی عرب کے معروف صحافی، عرب نیوز اردو اور وزارتِ حج سے وابستہ رہنے والے محمد عاقل کی سینئر صحافی اور کالم نگار شاہد زبیری سے ایک خصوصی گفتگو نشر کی گئی، جس میں عالمِ اسلام، غزہ و فلسطین، قبلۂ اول بیت المقدس، سعودی عرب میں اردو صحافت اور اردو زبان کے مستقبل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محمد عاقل ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ اس دوران سہارنپور میں انہوں نے اپنے رفیق محمد اقبال، خطیب مسجد نہر والی، سکندر، آگرہ کے ہمراہ سینئر صحافی شاہد زبیری سے ایک خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہونے والی گفتگو کے اہم نکات قارئین کی نذر ہیں۔
اتحادِ بین المسلمین میں سعودی حکومت کا کردار
اتحادِ بین المسلمین کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں محمد عاقل نے تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت اور وہاں کے اکابر علماء مختلف محاذوں پر اعلیٰ سطح پر اتحادِ بین المسلمین کے لیے مسلسل کوشاں رہے ہیں۔
انہوں نے سعودی فرمانروا بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ قدر قرار دیا۔
انہوں نے ایران کے ساتھ موجودہ سعودی حکومت کے برادرانہ تعلقات کو مثال کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1979 میں خانۂ کعبہ پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد حالات نہایت کشیدہ ہو گئے تھے اور سفارتی تعلقات منقطع کر دیے گئے تھے۔ بدلتے عالمی حالات میں محمد بن سلمان نے ازسرِنو ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر کے عالمِ اسلام کو اتحاد و اخوت کا پیغام دیا ہے۔
محمد عاقل نے کہا کہ صرف ایران ہی نہیں بلکہ دیگر برادر مسلم ممالک کے ساتھ بھی سعودی حکومت کے تعلقات اسلامی اخوت کی واضح مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت ہو یا وہاں کے جید علماء، سب نے اتحادِ بین المسلمین کو اپنا اسلامی فریضہ سمجھا ہے۔ عالمِ اسلام کے لیے خانۂ کعبہ ہمیشہ مرکزِ وحدت رہا ہے، ہے اور تا قیامت رہے گا۔
غزہ، فلسطین اور بیت المقدس
غزہ میں اسرائیلی درندگی اور بربریت کے سوال پر محمد عاقل نے کہا کہ سعودی حکومت ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت اسرائیلی مظالم پر رنجیدہ اور برہم ہے۔ سعودی حکومت عالمی سطح پر اس کے خلاف مسلسل آواز بلند کر رہی ہے اور اقوامِ متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر اپنا احتجاج درج کرا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے صرف احتجاج تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے ہر ممکن انسانی امداد کے دروازے کھول دیے ہیں اور حکومت کی جانب سے مسلسل امداد اور تعاون جاری ہے۔
فلسطین اور قبلۂ اول بیت المقدس کی آزادی کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ سعودی حکومت ان کی مکمل آزادی سے کم کسی حل پر راضی نہیں اور نہ ہوگی۔
سعودی عرب میں اردو صحافت اور اردو زبان
سعودی عرب میں اردو صحافت کے حوالے سے محمد عاقل نے بتایا کہ عرب نیوز اردو جدہ سے شائع ہونے والا سب سے قدیم اردو اخبار تھا، جسے بعد میں بی بی سی نے خرید لیا۔ اب یہ اخبار پرنٹ کی شکل میں شائع نہیں ہوتا بلکہ آن لائن موجود ہے، اور کسی نہ کسی درجے میں ان کی وابستگی اس سے رہی ہے۔
اردو کی تعلیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے افراد جو سعودی عرب میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم ہیں، وہ اپنے بچوں کی اردو تعلیم پر خاص توجہ دیتے ہیں۔ کئی اسکولوں میں اردو بطور مضمون شامل ہے۔
اردو ادب اور شاعری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں ادبی محفلیں اور مشاعرے منعقد ہوتے رہتے ہیں، جہاں ادبی اور شعری ذوق کی تسکین کا بھرپور سامان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اردو زبان پوری آب و تاب کے ساتھ قائم ہے اور ادبی و شعری انجمنیں سرگرمِ عمل ہیں۔
نور ٹی وی چینل کے مقاصد
نور ٹی وی چینل کے بارے میں محمد عاقل نے بتایا کہ یہ چینل انہوں نے خود قائم کیا ہے اور فی الحال یوٹیوب کے ذریعے اسے فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس چینل کا بنیادی مقصد اردو داں مسلمانوں کو سعودی علماء کے فتاویٰ، دینی رہنمائی اور شرعی مسائل سے آگاہ کرنا ہے۔
گفتگو کے دوران محمد اقبال، خطیب مسجد نہر والی بھی موجود رہے۔
آخر میں محمد عاقل اور سینئر صحافی و کالم نگار شاہد زبیری کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی لی گئیں۔

