فتح پور سیکری:صوفیانہ روایت کے عظیم بزرگ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کے صاحبزادے، پیدائشی ولی حضرت تاج الدین المعروف حضرت ولی میاں چشتیؒ کا 465واں سالانہ عرس مبارک 24 جنوری 2026 بروز ہفتہ سے فتح پور سیکری میں عقیدت و احترام کے ساتھ شروع ہو رہا ہے۔ عرس کے موقع پر تاریخی درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ میں روحانی فضا قائم ہو گئی ہے اور تیاریاں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
عرس کی باضابطہ رسومات ہفتہ کی شام چار بجے نمازِ عصر کے بعد ادا کی جائیں گی۔ اس موقع پر چادر پوشی، گل پوشی اور صندل کی رسم کے ساتھ صلوٰۃ و سلام پیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں زائرین و عقیدت مندوں میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ تمام رسومات درگاہ کے سجادہ نشین و متولی حاجی مقیم چشتی کی قیادت میں ادا کی جائیں گی۔
عرس کی رات آٹھ بجے محفلِ میلادِ پاک کا انعقاد ہوگا، جس کے بعد بدایوں سے تشریف لانے والے مشہور قوال محمد شامی نیازی اپنے دل سوز اور روح پرور صوفیانہ کلام کے ذریعے حضرت ولی میاں چشتیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
درگاہ کے کنوینر روحل امین نے بتایا کہ عرس کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں زائرین کی آمد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے درگاہ انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی، صفائی، روشنی اور لنگر کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عرس کے ایام پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
یہ سالانہ عرس نہ صرف روحانی فیض کا ذریعہ ہے بلکہ صوفیانہ تعلیماتِ محبت، اخوت اور انسانیت کو فروغ دینے کا پیغام بھی دیتا ہے۔

