آگرہ، : ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز (AMP) کے زیرِ اہتمام ایم۔اے۔بی۔آر سیکنڈری اسکول، گڑھی چاندنی، پرکاش نگر، جمنا برج، آگرہ میں دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے ایک آف لائن کیریئر گائیڈنس سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ کورسز اور مختلف کیریئر کے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔
اس موقع پر سینئر صحافی اور عمری پبلک اسکول، آگرہ کے منیجر جناب اظہر عمری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے بعد درست کیریئر کا انتخاب زندگی کی کامیابی کی بنیاد ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی دلچسپی، صلاحیت اور رجحان کے مطابق شعبہ منتخب کرنے، مسلسل محنت کرنے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نئی مہارتیں حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھے اخلاق، کردار سازی اور شخصیت کی تعمیر کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دوسرے مقرر مولانا الطمش رحمانی (بی۔اے، بی۔ایڈ) نے تعلیم کی اہمیت، نظم و ضبط اور مسلسل محنت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر طالب علم واضح مقصد، لگن اور خلوص کے ساتھ محنت کریں تو کامیابی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔
سیمینار کے دوران طلبہ نے اعلیٰ تعلیم، پروفیشنل کورسز، اسکالرشپس، مسابقتی امتحانات اور کیریئر پلاننگ سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے مقررین نے تفصیل سے جوابات دیے اور عملی رہنمائی فراہم کی۔
اس پروگرام میں اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ آخر میں منتظمین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے رہنمائی پروگراموں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔

