ملک میں امن کے فروغ کے لیے صوفی اداروں اور درگاہوں کی مشترکہ قومی آواز

نئی دہلی، :انڈیا اسلامک سینٹر میں منعقدہ پریس میٹ سے قبل آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل (AISSC) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت کونسل کے صدر حضرت سید نصرالدین چشتی صاحب نے کی، جو درگاہ اجمیر شریف کے روحانی سربراہ کے جانشین ہیں۔ وفد میں ملک بھر کی ممتاز درگاہوں سے وابستہ معروف سجادہ نشین شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملک میں اتحاد، امن اور حب الوطنی کے فروغ میں تصوف کے تاریخی اور روحانی کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ صوفی روایت نے ہمیشہ محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام دے کر ہندوستان کی گنگا-جمنی تہذیب کو مضبوط کیا ہے اور آج کے دور میں بھی انتہا پسندی اور تقسیم کرنے والی سوچ کے خلاف ایک مثبت اور قومی شعور سے جڑا راستہ پیش کرتی ہے۔
بعد ازاں “ملک میں امن کے فروغ” کے موضوع پر ایک پریس میٹ منعقد کی گئی، جس میں صوفی روایت کی جانب سے صدیوں سے دیے جا رہے محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے صدر حضرت سید نصرالدین چشتی صاحب نے کہا کہ موجودہ سماجی و ثقافتی حالات میں امن اور اتحاد کا تحفظ مذہبی قیادت، سول سوسائٹی، میڈیا اور عام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے “میرا ملک، میری پہچان” کے نعرے کے تحت ایک ملک گیر بیداری مہم کا اعلان کیا، جس کا مقصد قومی یکجہتی کو مضبوط کرنا اور ملک کو توڑنے والی انتہاپسند اور تفرقہ انگیز طاقتوں کا مضبوطی سے مقابلہ کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت کونسل ملک کی ہر ریاست اور شہر میں جا کر امن، بھائی چارے اور آئینی اقدار کا پیغام عام کرے گی۔
حضرت چشتی صاحب نے کہا کہ صوفی سماج اور درگاہوں نے صدیوں سے ہندوستان میں باہمی ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے دہلی میں آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے مرکزی دفتر کے افتتاح کو صوفی اداروں اور درگاہوں کی ایک متحد قومی آواز قائم کرنے کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے اسلام کی حقیقی، پرامن اور انسانیت پر مبنی تصویر قومی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا کے ہر مسلم ملک میں ہندوستان کا احترام کیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت میں تمام مذاہب اور برادریوں کو یکساں عزت اور وقار حاصل ہے۔ یہ عالمی احترام ان عناصر کے لیے ایک کرارا جواب ہے جو ملک کو بدنام کرنے اور اس کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کی ناپاک کوششیں کرتے رہتے ہیں۔
اس پریس میٹ میں ملک بھر سے 25 سے زائد ممتاز سجادہ نشینوں اور صوفی علما نے شرکت کی۔ نمایاں طور پر موجود شخصیات میں شامل تھے:
سید فرید احمد نظامی صاحب — درگاہ نظام الدین،علی شاہ صاحب — کلیئر شریف،نیر میاں صاحب — ردولی شریف، اتر پردیش،ڈاکٹر حبیب الرحمن نیازی صاحب — جے پور،محتشم علی صاحب — آگرہ،ارشاد فریدی صاحب — فتح پور سیکری،سید علی زکی حسینی صاحب — گلبرگہ درگاہ،سید عبدالقادر قادری صاحب — قومی کنوینر، AISSC،غلام نظمی فاروقی صاحب — قومی سیکریٹری، AISSC شامل تھے ،
آخر میں کونسل نے میڈیا برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں امن، اتحاد اور قومی سالمیت کے پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل تعاون کی اپیل کی۔

